وزیراعظم عمران خان نے مسلم امہ کو اپنا بلاک بنانے کی تجویز دی ہے اس پر مسلم ممالک کو عمل کرنا چاہیے، سردار فہیم اختر ربانی

سعودی عرب (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،قانون،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا مدلل خطاب مسلم امہ کے جذبات کی حقیقی ترجمانی تھی۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مسلم امہ کو اپنا بلاک بنانے کی جو تجویز دی ہے اس پر مسلم ممالک کو عمل کرنا چاہیے۔اسلاموفوبیا کے خلاف عمران خان کے موقف نے یورپ کو اپنے خیالات تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔

عمران خان نے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو اسکے حقیقی تناظر میں بیان کیا۔کشمیری عوام 27 مارچ کو پریڈ گراونڈ کے تاریخی جلسے میں وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں بھرپور شرکت کریں گے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اوآئی سی وزراء خارجہ کے تاریخی اجلاس میں جس کی میزبانی کا شرف پاکستان کو حاصل ہوا میں مسلم امہ کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر حقیقت پسندانہ روشنی ڈالی۔ انہوں نے جب یہ حقیقت بیان کی امت مسلمہ ایک بڑی طاقت ہونے کے باوجود تقسیم ہے جس کی وجہ سے وہ کوئی اثر ڈالنے میں ناکام ہے تو یہ حقیقت تھی۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین بیان کرتے ہوے عمران خان نے بالکل درست کہا کہ ہم دونوں معاملات کو حل نہیں کر سکے نہ ہی کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کو روک سکے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ڈیڑھ ارب آبادی کے باوجود دنیا میں ہمارا اثر نہ ہونے کے برابر ہے جس پر غور کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا خطاب کلیدی حیثیت کا حامل تھا جس نے مسائل کی درست نشاندہی کی اور ان کا حل بھی پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اس تجویز پر مسلم ممالک کو غور کرنا چاہیے جس میں انہوں نے کہا کہ کسی بلاک کا حصہ بننے کے بجائے ایک واحد بلاک بنا کر بنیادی ایشوز پر مل کر آواز اٹھائیں اور دنیا میں امن کیلیے اپنی طاقت استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام 27مارچ کو پریڈ گراونڈ کے جلسے میں وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں بھرپور شرکت کر کے محسن کشمیر سے اپنی بھرپور محبت کا اظہار کرتے ہوے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ناکامی سے دوچار ہو گی اور انشاء اللہ عمران خان سرخرو ہونگے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں