تحریک انصاف آزاد کشمیر میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، آزمائش کی گھڑی میں کمزوری دکھانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ارشاد محمود

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا میں چلنے والی ان خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر میں کوئی فاروڈ بلاک بن رہا ہے یا پارٹی کا کوئی دھڑا دوسری پارٹیوں کے ساتھ شامل ہونے کے لیے گٹھ جوڑ کر رہا ہے۔ پی ٹی آئی بطور پارٹی اور حکومت آزادجموں و کشمیر وزیر اعظم عمران خان خان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتی ہے اور ان کی لیڈرشپ میں متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی لیڈرشپ، وزرا، ممبران کشمیر کونسل، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور یونین کوسل کی سطح تک کے عہدیداران وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر 27 مارچ کو ہونے والے تاریخ ساز جلسہ میں شرکت کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔ انشا اللہ آزادکشمیر سے ہزاروں لوگ قافلوں کی شکل میں 27 مارچ کے جلسے میں شرکت کریں گے۔ اس حوالے سے تمام اضلاع میں پی ٹی آئی کے رہنما سرگرم ہیں۔

مزکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پی ٹی آئی میں پھوٹ کی جھوٹی اطلاعات پھیلارہی ہیں تاکہ پی ٹی آئی کی حکومت اور پارٹی کو کمزور کیا جا سکے۔ حالانکہ خود اپوزیشن جماعتوں کے اندر زبردست دھڑے بندی پائی جاتی ہے۔ وہ ایک دوسرے کو برداشت کرنے کے روادار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اور پی ٹی آئی بطور پارٹی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے ۔

آزمائش کی اس گھڑی میں کسی قسم کمزوری دکھانے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ ارشاد محمود نے کہا کہ وزیراعظم عمران نے ایک بار پھر او آئی سی میں مسئلہ کشمیر پر جاندار موقف اختیار کرکے کشمیریوں کی امنگوں کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان مظلوم کشمیریوں کی آواز بن چکے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close