آج ملک بھر میں یوم پاکستان منایا جائے گا

اسلام آباد(پی این آئی)آج ملک بھر میں یوم پاکستان منایا جائے گا۔ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی سالگرہ کا سال ہونے کی وجہ سے 82 واں یوم پاکستان اور پریڈ منفرد و خاص اہمیت کی حامل ہے۔یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں تینوں مسلح افواج حصہ لیں گی ۔اس سال کی ایک خاص بات جدید ترین جے 10 جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ ہے جس کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن فلائی پاسٹ بھی ہو گا۔

 

ایس ایس جی کے کمانڈوز فری فال کا مظاہرہ پیش کریں گے۔ اسی طرح جے 10 جنگی طیارے حال ہی میں پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے کا حصہ بنے ہیں۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔علاوہ ازیں دوست ممالک کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہونگے۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کو بھی یوم پاکستان پریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔اس حوالے سے او آئی سی کا فلوٹ خصوصی طور پر شامل ہوگا۔ امسال یوم پاکستان کا تھیم “شاد رہے پاکستان”ہے۔ یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ “مرکز یقین شاد باد” سے لیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے “یوم پاکستان ” کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد انصاف اور مساوات پر کاربند رہنے کے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے، ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے تمام رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں