تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیوں یقینی ہے؟ مولانا فضل الرحمٰن نے وجہ بتا دی

کراچی (پی این آئی ) حزب اختلاف جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادی اب اس کے ساتھ نہیں رہے‘ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے اتحادی اب ان کے ساتھ نہیں رہے

 

تاہم انہیں ہمارے ساتھ ہونے کا اعلان کرنے میں ایک دو دن لگ سکتے ہیں لیکن ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کے بعد مکمل مطمئن ہوں اور اب تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا یقین ہے کیوں کہ عمران خان تنہا ہوچکے ہیں۔فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان اور ان کے جماعت کے لوگ غیر مناسب تقاریر کرتے ہیں ، جلسوں میں جو زبان استعمال ہوئی وہ کسی شریف انسان کی نہیں ، پی ٹی آئی والے سر تا پاؤں تک منکرات سے بھرے ہوئےہیں ، سمجھتا ہوں کہ اتنے بڑے منصب پر ایسے لوگوں کا ہونا مناصب کی بے توقیری ہے ، موجودہ حالات پر اپوزیشن اور ایم کیوایم میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے ۔قبل ازیں مولانافضل الرحمان کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچے جہاں انہوں نے متحدہ کی قیادت سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کی گئی جب کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ایم کیو ایم کو اپوزیشن میں شمولیت کی دعوت بھی دی گئی۔

 

 

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن احمد حسین دیہڑ نے عدم اعتماد والے دن قومی اسمبلی میں نہ جانے کا فیصلہ کر لیا ، انہوں نے صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو کے دوران کہا کہ پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں اور کسی کے ساتھ جانے کا اعلان نہیں کیا ، مطالبات پورے نہ ہوئے تو سیاست چھوڑ کر گھر بیٹھ جاؤں گا کیوں کہ عمران خان کو چھوڑنے والے کو بے غیرت سمجھتا ہوں ۔احمد حسین دیہڑ نے کہا کہ میں دغا کرنے والا نہیں تھا اور نہ ہی اب کروں گا ، حلقے کے مسائل پر کافی عرصے سے احتجاج کر رہا تھا لیکن کسی نے نہیں سنی ، مطالبے پورے نہیں کیے گئے اور اوپر سے الزام لگائے جا رہے ہیں کہ میں نے پیسے لیے ، اپوزیشن جانتی ہے میں وقت پر حکومت کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close