وزیراعظم آزاد کشمیر کی تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد، کابینہ کے ارکان ہمراہ پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر سے ملاقات، تاریخی ”امر بالمعروف“ جلسے کے حوالے سے تبادلہ خیال

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد۔آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے اراکین ماجد خان، دیوان علی چغتائی، ملک ظفر، محمد اقبال، حافظ حامد رضا، عاصم بٹ،پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر ظفر انور ودیگر بھی ہمراہ تھے۔وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر نے مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف و وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کی۔

مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی اور منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی بھی موجود تھے۔ملاقات میں 27 تاریخ کو اسلام آباد میں تاریخی ”امر بالمعروف“ جلسے کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی مقبولیت غیر معمولی ہے آزاد جموں و کشمیر کے عوام وزیراعظم پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے بیتاب ہیں۔وزیراعظم عمران خان دنیا بھر میں اہلِ کشمیر کے حق میں ایک توانا آواز ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے بطور ”سفیر کشمیر“ اہل کشمیر کا مقدمہ پوری دنیا میں اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو آزاد جموں و کشمیر کے عوام بڑی تعداد میں تحریک انصاف کے کارکنان کے ساتھ اسلام آباد کے جلسے میں شرکت کریں گے۔مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یکجہتی کے بھرپور اظہار پر آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور انکی کابینہ کا خیرمقدم کرتے ہیں، ”امر بالمعروف“ جلسے کے اعلان نے پورے ملک کی طرح گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام میں جذبے کی نئی لہر پیدا کی ہے۔

ایک دوسرے پر کرپشن اور لوٹ مار کے الزامات لگانے والے اپنی کرپشن بچانے کیلئے عمران خان کیخلاف اکٹھے ہیں۔”امر المعروف“ جلسہ دنیا کو واضح پیغام دیگا کہ قوم اچھائی، حق اور خیر کے ساتھ کھڑی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں