حکومت بچ سکتی ہے مگر وزیراعظم عمران خان کا بچنا بہت مشکل ہے، حکومتی اتحادی جماعت کھل کر میدان میں آگئی

کراچی(پی این آئی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم۔پی)کے کنوینیئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں تحریک انصاف کی حکومت بچ سکتی ہے مگر وزیراعظم عمران خان کا بچنا بہت مشکل ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو روز میں صورتحال جس نہج پر پہنچ چکی ہے۔

 

پی ٹی آئی کی حکومت کا بچنا بھی مشکل ہو چکا ہے تاہم اب بھی حکومت بچ سکتی ہے مگر وزیراعظم عمران خان کا بچنا محال ہے۔ایم کیو ایم رہنماءکا کہنا تھا کہ ”تحریک عدم اعتماد حکومت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ اگر حکومت ہوشمندی سے کام نہیں لیتی تو اس کا جانا ٹھہر جائے گا۔“ رپورٹ کے مطابق خالد مقبول صدیقی کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت متحدہ اپوزیشن کے ایک وفد سے بہادرآباد آفس میں ملاقات کر چکی ہے۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ”اگر مشیران درست ہیں تو ملک میں جمہوریت کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک فیصلہ کیا جا سکتا ہے اور اس فیصلے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کی حکومت بچ سکتی ہے، تاہم تحریک انصاف میں اس مسئلے سے سیاسی انداز میں نمٹنے کی صلاحیت نہیں ہے۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں