قرآن پاک کا 106 سالہ قدیم نسخہ علامہ محمد عمر دین پوری لائبریری کو عطیہ کردیا گیا

خضدار (آئی این پی) قرآن پاک کا106سالہ قدیم نسخہ خضدار میں قائم علامہ محمد عمر دین پوری لائبریری کو عطیہکردیا گیا، خضدار کے نامور شخصیت شہیدحاجی عطا اللہ محمد زئی مینگل کی وصیت کے مطابق قرآن پاک کے قدیم نسخے کی لائبریری منتظمین کے حوالگی اور زیارت کی تقریب جمعہ کے روز منعقد ہوئی۔علامہ محمد عمردین پوری نے قرآن پاک کا براہوئی زبان میں ترجمہ ایک صدی قبل کیا تھا جس کی پہلی اشاعت 1916 میں میں ہوئی تھی۔

الحاج شیخ عبدالقادر محمد شہی و سعد اللہ مینگل نے جمعہ کے روز قرآن پاک کے قدیم نسخے کی امانت علامہ محمد عمر دین پوری لائبریری کے سپرد کیا۔ کمشنر قلات ڈویژن دا دخان خلجی،رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر)محمد الیاس کبزئی اسسٹنٹ کمشنر خضدار جہانزیب شاہوانی خضدار پریس کلب کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد صدیق مینگل الغنی ویلفیئر ٹرسٹ کے نمائندہ سعد اللہ مینگل سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اس پروقار تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر مہمانوں نے قرآن پاک کی زیارت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزی زہری نے کہاکہ علامہ محمد عمر دین پوری کے نام سے خضدار میں لائبری منسوب ہے اورا ن کی دینی تعلیمات کے لئے خدمات بھی ناقابل فرامو ش ہیں۔ آج سے ایک صدی قبل قرآن پاک کا براہوئی زبان میں ترجمہ یقینا ایک ناقابل فراموش دینی خدمت ہے جنہوں نے اسلامی دینی ملی خدمات سرانجام دیئے وہ ہمیشہ کے لئے تاریخ میں سنہرے حروف کے ساتھ زندہ و تابندہ ہیں اور رہیں گے۔ میر یونس عزیز زہری کا کہنا تھاکہ خضدارمیں ایک کلچر ل یونٹ قائم کردیا جائیگا اس کے لئے میں اگلے بجٹ میں رقم مختص کرنے کی تجویز دوں گا تاکہ قدیم زمانے محترم و معتبر تمام اشیا کو نہ صرف محفوظ بنایا جاسکے بلکہ عام عوام کو ان سے متعلق جانکاری تک کی رسائی دی جائے۔ کلچر کے حوالے سے جو طبقات کام کررہے ہیں ان کی یہ خدمت بھی تعریف کے لائق ہے کہ انہی کی وجہ سے ثقافت روایات اور قدیم زمانے کے طور و طریقے آنے والی نسلوں تک منتقل ہوجاتی ہیں اور ان سے شناسائی حاصل کی جاتی ہے۔

تقریب سے خضدار پریس کلب کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد صدیق مینگل جھالاوان کے معروف مصنف و ادیب سلطان احمد شاہوانی نے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد عمر دین پوری کی خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کی علمی خدمات سے شرکا کو آگاہ کیا۔تقریب کے آخر میں قرآن پاک کے براہوئی ترجمہ کے ساتھ قدیم نسخے شرکا میں تقسیم کیا گیا جب کہ کمشنر قلات ڈویژن داد خلجی کو علامہ محمد عمر دین پوری رحمہ اللہ کی تصانیف مجموعے پر مشتمل یوایس بی بھی تحفہ دیا گیا۔ کمشنر قلا ت ڈویژن دا دخان خلجی ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) محمد الیاس کبزئی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے علمی ودینی خدمات پر گزرے ہستیوں کو خراج تحسین پیش کی اور موجودہ دور میں جو بھی اس علمی و دینی خدمت کو آگے بڑھارہے ہیں ان کی ان خصوصیات نیک اقدامات کی تعریف کی۔ اس پر وقار تقریب میں ماہرِ تعلیم محمد عالم جتک مولانا محمد اسلم گزگی پروفیسر انعام اللہ مینگل خضدار پریس کلب کے سابق صدر عبداللہ شاہوانی غلام علی بادشاہ رئیس محمد اکبر گنگو شیخ الحدیث مولانا عبدالقادر محمد زئی مینگل لائبریری خضدار کے منتظم منظور احمد لانگو حافظ جمیل ابرارسوشل ورکر دانش مینگل غلام قادر چھٹہ عبدالحمید ادو ماماحیدرٹیچر رہنما عبدالحمید نتھوانی محمد خان ساسولی سمیت دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی تھی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں