حکومت کا منحرف اراکین کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کے خلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فواد چوہدری کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ کیا ایسے ممبران جو اپنی وفاداریاں معاشی مفادات کی وجہ سے تبدیل کریں ان کی نااہلیت زندگی بھر ہو گی یا انھیں دوبارہ انتخاب لڑنے کی اجازت ہو گی؟ سپریم کورٹ سے درخواست کی جائے گی کہ کے اس ریفرنس کو

روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ سنایا جائے۔وفاقی وزیر نے لکھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آرٹیکل 63-A کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ میں آرٹیکل 186کے تحت ریفرنس فائل کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے رائے مانگی جائے گی کہ جب ایک پارٹی کے ممبران واضح طور پر ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہوں اور پیسوں کے بدلے وفاداریاں تبدیل کریں تو ان کے ووٹ کی قانونی حیثیت کیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی فواد چوہدری نے اپنی پارٹی کے منحرف

اراکین پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں جو ووٹ ملے وہ ان کے باپ کے نہیں بلکہ عمران خان کے ہیں، منحرف اراکین کو چاہیے کہ اپنے حلقوں سے استعفیٰ دیں اور پھر دوبارہ الیکشن لڑ کر جسے چاہیں ووٹ دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close