پی ڈی ایم کے مارچ میں پیپلزپارٹی شرکت کرے گی یا نہیں؟ فیصلہ ہو گیا

اسلام آباد (پی این آئی) پیپلز پارٹی نے 23 مارچ کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم سے نکال دیے جانے والی جماعتوں نے بھی مولانا فضل الرحمان کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ برس پی ڈی ایم اتحاد سے نکال دی جانے والی پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی نے بھی مولانا فضل الرحمان کی دعوت پر 23 مارچ کے لانگ مارچ میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

 

اس سے قبل پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیر کی شب کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ مشترکہ اپوزیشن کے قائدین کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 23 مارچ کو لانگ مارچ کیا جائے۔پی ڈی ایم سربراہ نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوے دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔یہ ایک تاریخی اجتماع ہو گا، اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر پارلیمنٹ کے سامنے بھرپور پاور شو کیا جائے گا۔ لانگ مارچ کا پورے ملک سے بیک وقت آغاز ہو گا لانگ مارچ سےمتعلق اسٹریٹیجی گزشتہ مارچوں سےمختلف ہوگی لانگ مارچ کب تک جاری رہےگا اس کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور ان کی حکومت آئین شکنی اور فساد کی راہ اپناچکی ہے، ارکان کو اسمبلی میں آنے سے روکنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، فساد پیدا کرنے کیلئے ڈی چوک پر جلسےکا اعلان کیا جا رہا ہے۔

اب ہم بہت کچھ کرنے جا رہے ہیں، حکومت کیلئے پانی اب سر سے گزر چکا ہے۔ انہیں چھٹی کا دودھ یاد دلا دیں گے، ہمیں بہت دھمکیاں دی گئی ہیں اب ڈنڈے کا جواب ڈنڈے سے دیں گے ۔ واضح رہے کہ کچھ ہفتے قبل پی ڈی ایم نے اپنے اعلان کردہ 23 مارچ کے لانگ مارچ کے پلان کو منسوخ کرتے ہوئے حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم حکومت کی جانب سے 27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں جلسہ کرنے کے اعلان کے بعد اب پی ڈی ایم نے بھی وفاقی دارالحکومت میں پاور شو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close