اسلام آباد میں انصار الاسلام یا کوئی ملیشیا فورس آئی تو کچل کر رکھ دوں گا، شیخ رشید

اسلام آباد (پی این آئی ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں انصار الاسلام یا کوئی ملیشیا فورس آئی تو کچل کر رکھ دوں گا، عمران خان کہیں نہیں جارہے، وہ اپنے 5 سال پورے کریں گے، 15 مارچ کے بعد عمران خان کی پوزیشن واضح ہوجائے گی۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ایک عمومی بات کی تھی کہ جن کی 4،5 سیٹیں ہیں وہ بھی وزارت اعلی مانگ رہی ہیں، میں نے چوہدری برادران کا نام نہیں لیا تھا

لیکن لوگ میری بات سے خفا ہوگئے۔ شیخ رشید نے کہا کہ چوہدری ظہور الہی اور خواجہ صفدر کے مجھ پر احسانات ہیں، جب گرفتار ہوا تھا تو چوہدری شجاعت کی والدہ گھر سے کھانا بھیجتی تھیں، چوہدری شجاعت میرے بھائی ہیں ان کے خلاف کوئی بات نہیں کروں گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انسان کو امتحان کے وقت دوستوں کیساتھ کھڑے ہونا چاہیے، میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں ، جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا ا سے اللہ اور قوم عزت دیگی۔ وفاقی وزیر نے

کہا کہ انصاف الاسلام کا کوئی کارکن گرفتار نہیں ، ضرورت پیش آئی تو گرفتاریاں بھی کریں گے۔ جو قانون کو ہاتھ میں لے گا اسے قانون ہاتھ میں لے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ 23 مارچ سے 30 مارچ کے درمیان اہم ترین دن ہوں گے۔ 7 دنوں کے لئے رینجرز اور ایف سی کو طلب کرلیا ہے۔ ضرورت پڑی تو فوج کو بھی بلایا جاسکتا ہے لیکن کوشش ہوگی کہ ان کو نا بلانا پڑے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اجلاس بلانا اسپیکر کا کام ہے، اسپیکر قومی اسمبلی 15مارچ کے بعد اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیں گے، ملک انارکی کی جانب جارہا ہے، جیتنے کے بعد اور جیتنے سے پہلے لوگ باتیں کرتے ہیں لیکن ہمیں تلخیوں کی طرف نہیں جانا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں