حکومت کی اتحادی جماعت کے سینئر رہنما نے شیخ رشید کو مانگے تانگے کی سیاست کرنے والا کہہ دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل اتحادی جماعت سے تعلق رکھنے والے سینیٹر نے حکومتی جماعت کا شیرازہ بکھرنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔ وفاق اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی اتحادی ق لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا نے وفاقی وزیر شیخ رشید کو مانگے تانگےکی سیاست کرنے والا کہہ دیا۔ اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں کامل علی آغا نے کہا کہ ہم نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا، جب حکومتی جماعت کا اپنا شیرازہ بکھر رہا ہو تو ہم نے اپنا فیصلہ تو کرنا ہے۔

کامل علی آغا نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب میں 4 حصوں میں بکھر چکی ہے، ہم نے تو کوشش کی کہ عثمان بزدار پنجاب میں ڈلیور کرسکیں۔ ق لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ ہم معاہدے کے پابند ہیں اور پابند رہے ہیں، حکومت کا ہرمشکل میں ساتھ دیا، ان حالات میں ہم نے بھی تو سوچ و بچار کرنی ہے۔ ق لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ معاہدے میں درج تھا کہ 2 وزارتیں وفاق اور 2 صوبے میں ملیں گی، مونس الہٰی کی وزارت سے تو ہم نے انکار کردیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنے تحفظات حکومت کے سامنے رکھے اور کہا کہ کرپشن بڑھتی جارہی ہے، شیخ رشید کا وتیرہ رہا ہے مانگے تانگے کی سیاست کرنا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہم نے ساتھ نہیں چھوڑا ان کا شیرازہ بکھر رہا ہے تو ہم نے بھی تو اپنا فیصلہ کرنا ہی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close