وزیراعظم آزاد کشمیر اچانک زیر تعمیر کوٹلی نکیال روڈ پر کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لینے پہنچ گئے

کوٹلی/ نکیال (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اچانک زیر تعمیر کوٹلی نکیال روڈ پر جاری کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لینے پہنچ گئے،وزیراعظم نے انجینئرز کی موجودگی میں زیر استعمال تعمیراتی میٹریل چیک کیا اور منصوبہ مقررہ معیاد سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے معیار کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ترقیاتی محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی بجٹ کا درست اور بروقت تصرف یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو سکیں اور عوام کو سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈزبروقت جاری کیے جا رہے ہیں، فنڈ ز یا بجٹ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اس لیے حکومت منصوبوں کے معیار یا رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، اگر کوئی منصوبہ کسی محکمہ یا کنٹریکٹر کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا یاتصریحات سے ہٹ کر کام ہوا تو ذمہ داران کو جواب دینا پڑے گا، وزیر اعظم پاکستان عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے وافر فنڈز مہیا کر رہے ہیں ان فنڈز کا درست استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس ضمن میں کسی قسم کی سستی اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی آزادکشمیر بھر میں میگا ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،

جملہ ترقیاتی منصبوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا تاکہ ترقیاتی بجٹ کے درست تصرف کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے ایس ای شاہرات اور ایس ڈی او کوٹلی کو ہدایت کی کہ کوٹلی فتح پور تھکیالہ روڈ کا منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے، ذمہ دارآفیسران فیلڈ میں جاکر منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں تاکہ منصوبے معیار کے مطابق مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو سکیں۔وزیراعظم نے فیلڈ آفیسران کو ہدایت کی کہ اگر شاہرات کے جاریہ منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل نہ ہوئے تو ذمہ دارآفیسران اور متعلقہ ٹھیکیدار کو جواب دینا پڑے گا۔

عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی ہماری حکومت کا ویژن ہے، ترقیاتی منصوبہ جات کے لیے فنڈر کی کمی نہیں ہے، اب یہ متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ بجٹ کا درست تصرف یقینی بنائیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close