ضیا الحق کی قبر کی بے حُرمتی کس کے کہنے پر ہوئی؟ اعجاز الحق نے معافی کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ ضیا کے صدر اور سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا ہے کہ ’پیپلز پارٹی کے شرپسند کارکنوں کی جانب سے فیصل مسجد اسلام آباد کے احاطے میں واقع ضیا الحق کے مزار کی بے حرمتی ان کے غیر مہذب ہونے کا ثبوت ہے۔‘بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اس واقعے سے ضیا الحق کے چاہنے والوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔

‘’یہ واقعہ باقاعدہ منصوبہ بندی اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی ایما پر کیا گیا، یہ سانحہ موجودہ حکومت اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ناکامی اور غفلت کا نتیجہ ہے۔‘واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کی اسلام آباد آمد کے موقعے پر پارٹی کے بعض کارکن فیصل مسجد میں سابق فوجی صدر ضیا الحق کے مزار پر پہنچ گئے تھے۔پیپلز پارٹی کے ان کارکنوں نے مزار کے احاطے میں ضیا الحق کے خلاف اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی حمایت میں نعرے بازی کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔اعجاز الحق نے کہا کہ ’اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس واقعے سے حکومت اور پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہوئی ہے۔‘’میں مطالبہ کرتا ہوں کہ پاکستانی فوج اپنے سابق آرمی چیف کے مزار کی بے حرمتی کا نوٹس لے، حکومت بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کرے۔

‘اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ ‘ضیاء الحق کے مزار کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو مزید مزاروں کی بھی بے حرمتی ہوسکتی ہے۔‘’وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی جانب سے فون آئے کہ ہم نے پولیس کو مزار کی نگرانی کی ہدایات جاری کردی ہیں آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔‘انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کے خلاف مزار کی بے حرمتی کے حوالے سے ایف آئی آر درج ہونی چاہیے، اور واقعے پر بلاول بھٹو اور آصف زردادی کو معافی مانگنی چاہیے۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں