عمران خان کو ہٹا کر کس کو لائیں گے؟ آصف علی زرداری نے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو ہٹائیں گے کسی شریف آدمی کو لائیں گے، جب پہلے حکومت ملی تھی تو بحرانوں پر قابو پایا تھا، پیپلزپارٹی کا منشور عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے عوامی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھر سے کراچی تک سب چہروں کو پہچانتا ہوں اور چہروں کو جانتا ہوں، اپنے دشمنوں کو بھی جانتا ہوں اور اپنے پیار والے دوستوں کو بھی جانتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ ہم آگے پر بڑھ ناپاک وزیراعظم کو نکالیں اور اس کی جگہ کسی شریف آدمی کو بٹھائیں، اور پاکستان کو سنوارنے کیلئے ہم سب اس کی مدد کریں۔ آپ سب کو یاد ہوگا جب پہلے حکومت ملی تھی تو سوات قبضے میں نہیں تھا، گندم کا بحران تھا، چینی کا بحران تھا لیکن ایک سال میں ہم نے سارے بحرانوں پر قابو پالیا تھا۔پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور یہ ہے کہ خدمت غریبوں اور عوام کریں گے۔بلاول بھٹو آپ سب کا بیٹا، بھائی ہے، بلاول نے بی بی شہید کا الم اٹھایا ہوا ہے۔ ہم نے گڑھی خدا بخش میں بی بی شہید سے وعدہ کیا تھا کہ ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور لڑتے رہیں گے۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو ڈی چوک پہنچ کر خوشخبری دیں گے۔ اسی طرح ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو زر داری نے کہا کہ تمام جماعتوں کی ایک ہی منزل ہے کہ ملک میں صاف و شفاف الیکشن کروانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجنا ہے اس لیے ضروری ہے کہ انتخابی اصلاحات اور صاف و شفاف الیکشن کی طرف بڑھا جائے۔ بلاول بھٹوزرداری نے خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی صنفی مساوات کیلئے سرگرمِ عمل ہے،کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کی روک تھام کے متعلق قانون بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے متعارف کردہ قانون سازی میں شامل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close