شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کردی

اسلام آباد (پی این آئی ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کردی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی طرح اپوزیشن سے بھی بات چیت ہونی چاہیئے کیوں کہ حالات ہی ایسے ہیں ، یہ وقت مل بیٹھ کر بات کرنے اور مسائل حل کرنے کا ہے ، اس لیے اتحادی جماعتوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن میں شامل جماعتوں سے بھی مذاکرات ہونے چاہئیں ۔

ادھر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن پر سنگین الزامات عائد کر دیے ، وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان اسمبلی کو آفرز کررہی ہے، بولی لگارہی ہے اور ٹکٹوں کے وعدے کررہی ہے مگر ہمارے ممبران بے یقینی کیفیت کیلئے وفاداری تبدیل نہیں کریں گے۔سندھ حقوق مارچ کے تحت کراچی روانگی سے قبل گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس 12 سے 14 لوگ موجود ہیں تو عدم اعتماد میں تاخیر کیوں؟ یہ تاخیر اس بات کی نشانی ہے کہ بندے ان کے پاس نہیں ، اپوزیشن ممبران اسمبلی کو آفرز کررہی ہے ، معزز اراکین کی بولی لگائی جارہی ہیں اور وہ ٹکٹوں کے وعدے کررہی ہے، مگر ہمارے ممبران عزت دار اور باوقار لوگ ہیں ، یقین ہے کہ ہمارے ممبران بے یقینی کیفیت کیلئے وفاداری تبدیل نہیں کریں گے ۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے، ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں ہے ، بلاول کے اندازے غلط ہیں ، انہیں وقت لگے گا، ابھی بلاول کی نا سمجھی بھی ہے اور کم عمری بھی ، ہم اپنے اصولوں پر قائم ہیں، عدم اعتماد آتی ہے تو قانونی و آئینی طریقے سے مقابلہ کریں گے۔ وزیر خارجہ نے پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ سے متعلق کہا کہ میرا نہیں خیال کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی مقبولیت ہے، پنجاب میں پیپلزپارٹی سروے میں بہت پیچھے ہے، سروے میں پی پی کو 5 فیصد لوگوں نےووٹ دینےکا عندیہ دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں