لاہور (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہبازشریف کو وزیراعظم بننے پر ملک چلانے کا مینڈیٹ نہیں دیں گے، ن لیگ اپوزیشن کی اکثریتی پارٹی ہے، وزارت عظمیٰ پر شہبازشریف کا حق ہے، لیکن انہیں معاشی اور خارجہ پالیسی بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، شہبازشریف کو صرف انتخابی اصلاحات کیلئے قائد ایوان منتخب کیا جائےگا۔
انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو چاہیے خود بخود مستعفی ہوجائے اوراسمبلی توڑ دے ،مگر اس میں ہمت حوصلہ نہیں ہے، وہ جانتا ہے عوام میں جائے گا تواس کو شکست ہوگی، اس کا کوئی مستقبل نہیں ہے، مجھے نہیں لگتا کہ عمران خان میں وہ شرم اور بہادری ہے، ہمارے پاس آئینی آپشن ہے، ہم جمہوری آپشن عدم اعتماد جلد استعمال کریں گے، ہمارے نمبرز پورے ہیں، ہم مسلسل اس پر کام کررہے ہیں ہمارا کام جاری ہے۔ماضی کی طرح ہم عمران خان کو اس کے اپنے ہی حلقے سے ہروائیں گے۔ ہمارا مقصد صاف شفاف الیکشن ہے، وہ صرف ہم نہیں کریں گے، ہمارا مقصد صرف حکومت نہیں ہے، ہم سب کا مقصد شفاف الیکشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپوزیشن کی اکثریتی پارٹی ہے، وزارت عظمیٰ پر شہباز شریف کا حق ہے، لیکن شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر ملک چلانے کے لیے مینڈیٹ نہیں دیں گے، شہبازشریف کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ معاشی اور خارجہ پالیسی بنائیں۔شہبازشریف کو صرف انتخابی اصلاحات کیلئے قائد ایوان منتخب کیا جائے گا۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نےاوکاڑہ رینالہ خورد میں عوامی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ اور نااہل وزیراعظم کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، تاریخ میں سب سے زیادہ یوٹرن عمران خان نے لیے، ملکی دفاع اور قیادت کیلئے قائد کی ضرورت ہے کھلاڑی کی نہیں، پیپلزپارٹی کے خاتمے کا خواب دیکھنے والے خود ختم ہوگئے، ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا عمران خان کو کھلا میدان نہیں دیا، ہرضمنی الیکشن میں سلیکٹڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس 3 دن ہیں، ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں ،جمہوری حملہ کریں گے، سلیکٹڈ کو بھگائیں گے اور جمہوری حکومت قائم کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں