اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا 24 فروری کی کشمیر ریلی کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد ( پی آئی ڈی آزاد کشمیر) اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے 24 فروری کو اسلام آباد میں منعقد کی جانے والی کشمیر ریلی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے اس سلسلے میں تمام ممبران بار سے کہا گیا ہے کہ وہ اس میں بھرپور انداز میں شرکت کریں کیوں کہ یہ سیاسی نہیں بلکہ قومی ریلی ہے۔ لہذاس میں تمام لوگوں کو بڑھ چڑھ کر شریک ہونا چاہیے۔

اس موقع پر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ان کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں پر انہیں اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی تا حیات ممبر شپ بھی دے دی۔ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اسلام آباد بار ایسوسی ایشن سے خطاب کی خصوصی دعوت دی تھی۔ اس موقع پر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے اجلاس سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وکلاء ہمیشہ ہر تحریک میں شریک ہوتے ہیں اور انہیں اس کشمیر ریلی میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ یہ کشمیر ریلی 24فروری کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے شروع ہو کر ڈی چوک پر ختم ہو گی جہاں آزادی کے بیس کیمپ کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین مختصر خطاب کریں گے۔ اس ریلی کا انعقاد 30جنوری کو کشمیر ہاؤس میں منعقد کی جانے آل پاریٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں کیا جا رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی اس سنگین صورتحال میں میں نے آل پارٹیز کشمیر کانفرنس بلائی جس میں اہم فیصلہ جات کیئے گئے جن کے مطابق پہلے مرحلے میں 24فروری کو صبح 11:00بجے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک تک کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ میں آپ لوگوں سے بھرپور اپیل کرتا ہوں کہ اس میں بڑھ چڑھ کر شرکت کریں تاکہ ہم یہ ثابت کر سکیں کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ ہیں اور عالمی برادری اور انٹرنیشنل میڈیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کروائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے اور پیلٹ گن کے استعمال سے بچوں اور خواتین کی بینائی چھینی جا رہی ہے۔ لہذا ایسی صورتحال میں ہم سب کی یہ ملی اور قومی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر ریلی میں بڑھ چڑھ کا حصہ لیں لہذا آپ سب لوگ 24 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اس ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔

اس موقع پر بار ایسوسی ایشن کے اجلاس کی صدارت بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر حفیظ اللہ یعقوب نے کی جبکہ اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر زاہد محمود راجہ، اسلام آباد بار کونسل کے وائس چیئرمین سید قمر سبزواری، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد بلال مغل اور بار کونسل کے ممبران اور وکلا کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے بھی اسلام آباد منعقد ہونے والی کشمیر ریلی میں شکرکت کا اعلان کیا تھا اس سلسلہ میں اسلام آباد پریس کلب نے ریلی کے سلسلے میں ایک کیمپ لگانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ جس میں 23 فروری کی شام کو صد ر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بھی وزٹ کریں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close