حکومت کیلئے نئی پریشانی کھڑی ہو گئی، اپوزیشن کا عدم اعتماد کیلئے نمبر گیم پورے ہونے کا دعویٰ

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانے کے لئے ہمارے پاس نمبر پورے ہیں ،نمبر گیم کوئی مسئلہ نہیں،صرف بندوں کے کلیئر ہونے کی بات ہے کہ ہم نے کس کو لینا ہے اور کس کو نہیں ،23مارچ کو پریڈ بھی ہو گی اور لانگ مارچ بھی ہوگا ، سمجھیں حکومت کے خلاف تحریک عدم کامیاب ہو گئی اور جلد عوام کی نا لائق او رنا اہل ٹولے سے جان چھوٹے گی ، تحریک عدم اعتماد کی تاریخ کو انتہائی خفیہ رکھا جائے گا ۔

ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ جن لوگوں سے رابطہ کرنا ہوتا ہے پہلے ان کی فہرست مرتب ہوتی ہے ، ہمارے نمبر پورے ہیں ، ہمارے نمبر کلیئر ہیں اب صرف لوگوں کا کلیئر ہونا باقی ہے کہ کن کو لینا ہے یا نہیں لینا ۔اب ہم حکومت کے خلاف بھرپور سنجیدگی کے ساتھ پیشرفت کر رہے ہیں ،حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہو گی ، سمجھیں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی ، حکومت کا جانا ٹھہر چکا ہے او ریہ جانے کی تیاری میں ہے ، عوام کی جلد نا لائق اور نا اہل ٹولے سے جان چھوٹے گی ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 23مارچ کو پریڈ بھی ہو گی اور لانگ مارچ بھی ہوگا، اس روز دونوں چیزیں ہوں گی۔انہوں نے پہلے سپیکر یا وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ ابھی طے نہیں ہوا ۔ انہوں نے پی ڈی ایم کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کی حتمی تاریخ طے ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ(ن) کا اس کا اختیار پارٹی قائد نواز شریف اور اسی طرح دیگر جماعتوں نے اپنی قیادت کو دیا ہے ، اس کی جو بھی تاریخ طے ہو گی اسے انتہائی خفیہ رکھا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close