وزیراعظم آزاد کشمیر سے لارڈ قربان کی قیادت میں اوورسیز کشمیریوں کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے لارڈ قربان کی قیادت میں اوورسیز کشمیریوں کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں سینیٹر فوزیہ ارشد، چیئرمین جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت راجہ نجابت حسین، لارڈ مئیر آف لیڈز کونسلر اصغر خان و دیگر موجود تھے۔ملاقات میں تحریک آزادی کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ ہندوستان کی انتہا پسند حکومت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 5اگست 2019کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کر دی اور عوامی احتجاج کے خوف سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر دیا اور یہ محاصرہ اب بھی جاری ہے، اقوام متحدہ اوآئی سی سمیت جملہ عالمی اداروں کو اس دیرینہ مسئلے کے حل میں کردار ادا کرنا ہو گا، مسئلہ کشمیر حل ہو گا تو خطے میں امن کا قیام ممکن ہو سکے گا۔مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے سے خطہ میں امن کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں نے طویل اور ان مٹ قربانیاں دی ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب بھارت کو کشمیریوں کا حق خود ارادیت دینا پڑے گا۔

پاکستان دنیا میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا واحد وکیل ہے اور تنازعہ کشمیر کا فریق بھی ہے، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے جاندار کردار ادا کیا۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی بھرپور وکالت کی اور کشمیریوں کے سفیر ہونے کا حق ادا کیا۔عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھرپور طریقے سے کردار ادا کیا۔بین الاقوامی فورمز پر کشمیر لے حق خودارادیت دلانے کا پرزور مطالبہ کیا۔اہل کشمیر وزیراعظم پاکستان عمران خان پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ اوورسیز کشمیری بھرپور انداز میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں، ہر فورم پر بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھائیں، کشمیری مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلد اوورسیز کشمیریوں کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر مشاورتی سیشن بھی کیا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر موثر انداز میں مسئلہ کشمیر اٹھایا جا سکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں