شہباز شریف کے گرد گھیرا مزید تنگ۔۔۔ وزیراعظم نے شہباز شریف کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا

لاہور (پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم نے شہباز شریف کی گرفتاری کی ہدایات جاری کی ہیں۔شہباز شریف کی گرفتاری کی ہدایات مشیر احتساب مصدق عباسی کو جاری کی گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دو مرتبہ قید کاٹنے والے اپوزیشن لیڈر کو دوبارہ جیل نہیں جانے دیں گے۔

شہباز شریف ایک سال سے زیادہ سلاسل رہے۔نیب نے صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کیا،اثاثہ جات کیس کی تحقیقات کی پہلی گرفتاری کے دوران شروع کی گئی تھیں، چند ماہ بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ برطانوی اور پاکستانی عدالتوں تک یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ کرپشن ، کمیشن اور بدعنوانی کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اندھے سیاسی انتقام کے مقابلے میں بھرپور قانونی جنگ لڑی ہے۔عمران خان کی فسطائیت کا ڈر کر مقابلہ کریں گے۔شہباز شریف کو گرفتار کرنا کوئی بچوں کا کھیل نہیں، عمران خان کو منہ کی کھانی پڑے گی۔دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہاہے کہ ملک مقصود چپڑاسی کے اکائونٹ میں چار ارب روپے کس نے ڈالے اور قطری آپ کے اے ٹی ایم کیوں تھے ، شہباز شریف کو لندن میں کوئی ضمانت نہیں ملی اور نہ ہی کیس ختم ہوا ہے۔

اگر باعزت بری ہوئے ہیں تو ثبوت سامنے لائیں ، کچھ لوگ اتنے تواتر سے جھوٹ بولتے ہیں کہ وہ سچ لگنے لگتا ہے ،سب سے پہلے تواتر سے جھوٹ بولنے کا کام ہٹلر نے شروع کیا تھا ،جو بھی نئے ڈاکومنٹس سامنے آتے ہیں اس کے جواب میں یہ بار بار جھوٹ بولتے ہیں ،آج مریم اورنگزیب نے کہاکہ شہباز شریف باعزت بری ہوچکے ہیں ،پھر انہو ں نے کہاکہ وہاں تحقیقات شہباز شریف کے بارے میں ہورہی تھیں ،پھر کہاکہ ہر وہ مقدمہ جو شہباز شریف پر ہے وہ جھوٹا مقدمہ ہے ،انتقامی مقدمہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close