وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا جائزہ اجلاس، مظفرآباد میں میوزیم بنانے سمیت متعدد منصوبے مکمل کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا جائزہ اجلاس۔ سیاحت کے فروغ کیلئے مظفرآباد میں میوزیم بنانے، آزادکشمیر میں ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے تاؤ بٹ، منگلا جھیل، کیرن بیلا ودیگر مقامات پر خصوصی سپاٹس بنانے، ستمبر تک میرپور میوزیم کواورمظفرآباد لال قلعہ کی تزئین آرائش کا کام مکمل کرنے کا فیصلہ جبکہ وزیراعظم جلد مظفرآباد میں کٹھہ سیماری کے مقام پر سیاحتی مرکز کا افتتاح کر یں گے۔

اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر سیاحت کے فروغ کیلئے ساردہ،تتہ پانی سمیت دیگر مقامات پر نئے سیاحتی سپاٹس بنانے جبکہ تمام اضلاع میں تفریحی پارکس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ سیاحت کی استعداد کار بڑھانے کیلئے200ملین روپے دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ثقافتی ورثہ کو محفوظ بنانے کیلئے نئے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ، کشمیر کی تاریخ، ثقافت اور کلچر کو محفوظ بنانے کے لیے وزیراعظم نے محکمہ سیاحت کو ہدایت کی کہ جلد منصوبے مرتب کر کے متعلقہ فورملہ سے منظور ی حاصل کی جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر کو محکمہ سیاحت کے بارہ میں سیکرٹری سیاحت منصور قادر ڈار نے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے،

وزیراعظم پاکستان آزادکشمیر میں سیاحت کا فروغ چاہتے ہیں،آزادکشمیر قدرتی حسن سے مالا مال خطہ ہے، اس خطہ کا قدرتی حسن سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہے، تحریک انصاف کی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مختلف مقامات پر نئے سیاحتی مرکز بنائے گی، سیاحوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات دینے کیلئے حکومت وسائل فراہم کریگی۔ انہوں نے کہاکہ سیاحت کے فروغ سے ہماری معیشت میں اضافے کے ساتھ ساتھ بے روزگاری میں بھی کمی آئے گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر کو اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ آرکیالوجیکل اثاثہ جات کو محفوظ بنانے کیلئے آئندہ چھ ماہ کے دوران سروے اور فزیبلٹی سٹڈی کو مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعظم کوبتایا گیا کہ اڑنگ کیل میں ایکو ٹورازم کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، امبور ٹنل کو محفوظ بنانے کا کام75فیصد مکمل ہو چکا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایات کی روشنی میں لال قلعہ کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے، ستمبر سے قبل اس کو مکمل کر لیا جائے گا، لال قلعہ مظفرآباد کے ساتھ آرٹ اینڈ کرافٹ بازار، بوتیک اور ہوٹل قائم کیا جائیگا۔ سیاحوں کی دلچسپی کیلئے آزادکشمیر کے مختلف مقامات / اہم پوائنٹس پر سمال انڈسٹریز کارپوریشنز کے زیر اہتمام دستکاری شاپس بنائی جارہی ہیں۔ تمام پرانے پلوں کی ثقافتی رنگ سے تزئین کی جارہی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close