ن لیگ نے پی ٹی آئی کے ناراض رہنما کو اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیدی، حکومتی صفوں میں ہلچل مچ گئی

اسلام آباد(پی این آئی)مسلم لیگ ن نے سابق سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی احمد جواد کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ذرائع کے مطابق بدھ کے روز رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کی ملاقات پی ٹی آئی کے سابق رہنما احمد جواد سے ہوئی جس میں انہوں نے سابق سیکرٹری اطلاعات کو ن لیگ میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

ایک بیان میں احسن ا اقبال نے کہا کہ احمد جواد دیرینہ دوست ہیں، ان سے مل کر خوشی ہوئی ہے جبکہ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پاکستان کو درپیش چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور ترقی کے مقصد میں کردار ادا کرنے کے لیے احمد جواد سے مسلم لیگ ن میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ احسن اقبال نے احمد جواد کے جرات مندانہ مؤقف کی تعریف کی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے تحریک انصاف کی پالیسیوں پر آواز اُٹھائی تھی اور وزیراعظم کے قریبی ساتھیوں کو ہدفِ تنقید بنایا تھا،اس کے علاوہ انہوں نے پی ٹی آئی دور حکومت میں ارب پتی بننے والوں کے نام بھی سامنے لانےکا اعلان کیا تھا۔تاہم اس کے بعد تحریک انصاف نے اعلامیہ جاری کیا تھا جس کے مطابق سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کی پارٹی رکنیت قیادت کےخلاف بے بنیاد الزامات لگانے کی وجہ سے ختم کردی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close