حکومت مخالف تحریک عدم اعتماد لائیں گے یا نہیں؟ شہباز شریف نے فیصلہ سنا دیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت مخالف عدم اعتماد لانے کیلئے چند دن میں فیصلہ کرلیں گے،عدم اعتماد کا معاملہ سی ای سی اور پی ڈی ایم کے سامنے رکھیں گے، عدم اعتماد سے متعلق پیپلزپارٹی کلیئر تھی جبکہ ہماری پارٹی میں مختلف آرا تھیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری نے لاہور میں صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف سے ملاقات کی، ملاقات میں نائب صدر ن لیگ مریم نواز اور حمزہ شہبازشریف بھی شریک تھے۔دونوں جانب پارٹی کی سینئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ شہبازشریف کی جانب سے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ملاقات میں سیاسی صورتحال ، لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد سے متعلق بات چیت کی گئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں صدر ن لیگ شہبازشریف نے کہا کہ آج یوم کشمیر ہے، پورے ملک میں کشمیرکے حوالے سے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، وادی میں ہزاروں کشمیریوں کا خون بہایا گیا، موجودہ حکومت نے نہ صرف غاصبانہ اقدام جو مودی نے اٹھایا اس پر پراسرار خاموشی اختیار کیے رکھی اور کشمیر کاز کو آگے بڑھانے میں بری طرح ناکام ہوئے، اوآئی سی میں آواز نہ اٹھائی جاسکی، اسلام آباد اجلاس میں فلسطین کی بات کی گئی لیکن کشمیریوں کی بات نہیں کی گئی، کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ حق خودرایت ملنے تک پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ ہے، ہر لحاظ سے سیاسی ، سفارتی سپورٹ ان کے ساتھ رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں دہشتگردی نے پھر سر اٹھایا ہے۔

لاہور اسلام آبادپشاور، بلوچستان میں دہشتگرد حملے ہوئے ہیں، یہ جو خون خوار دہشتگرد ان کے جہنم واصل کرنے کیلئے ہمارے افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں نے ہمیشہ کی طرح جام شہادت نوش کیا ۔ یہ بات ذہن میں رہے، چاہے پیپلزپارٹی کا زمانہ تھا، اس وقت آپریشن ، نوازشریف کے دور میں ضرب عضب، ردالفساد آپریشن ہوئے، دہشتگردی ختم ہوچکی تھی، لیکن پی ٹی آئی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کو سردخانے میں ڈال دیا ہے، دہشتگردی کے حوالے سے حکومتی رویہ قوم کے سامنے ہے، آج بے روزگاری غربت نے ہر جگہ ڈیرے ڈال رکھے ہیں، دنیا کے سروے کہہ رہا ہے، پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ مہنگا ملک ہے، لوگ ہاتھ اٹھا کر دعا مانگتے ہیں کب اس تاریخ کی نااہل حکومت سے جان چھوٹے گی۔ان کا سارا زور مخالفین پر ہے، گالیاں دیتے ہیں جھوٹ بولتے ہیں، اگر یہی توانیاں پاکستان کی خدمت پر وقف کرتے تو آج یہ تباہی نہ ہوتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close