اہل کشمیر نے قیام پاکستان سے قبل اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کر لیا تھا، اہل پاکستان نے ہر آزمائش میں کشمیریوں کا ساتھ دیا، وزیر اعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر اہل پاکستان اور کشمیری قوم کے لازوال تاریخی،مذہبی، نظریاتی، جغرافیائی،ثقافتی اور سماجی رشتوں کی پہچان ہے۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے جدوجہد آزادی اور تحریک تکمیل پاکستان میں مصروف کشمیری عوام سے یکجہتی کا عملی اظہار اور قومی دن کا انعقاد اہل کشمیر سے محبت، اخوت اور بھائی چارے کا مظہر ہے۔ ساری کشمیر ی قوم پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دل کی عمیق گہرائیوں سے خیر مقدم کرتی ہے۔

بلا شبہ پاکستان جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں کا وکیل ہے اور ہردور میں پاکستان نے کشمیریوں کی وکالت کا حق ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اہل کشمیر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل مملکت خداداد پاکستان سے وابستہ کر لیا تھا۔ ساری کشمیری قوم کو اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا۔ یوم یکجہتی کشمیر نہ صرف پاکستان و آزاد کشمیر بلکہ مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری جوش و جذبے کے ساتھ منا کر تاریخی و نظریاتی رشتوں کی تجدید کرتے ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر میں جدوجہد آزادی میں مصروف عمل مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام آپ کی پشت پر ہیں انشاء اللہ وہ وقت آنے والا ہے جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی آزاد فضاؤں میں فتح کا جشن منائیں گے۔ 5اکست 2019و مابعد انتہا پسند آر ایس ایس کی ہندوستانی حکومت نے جو متنازعہ، غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات اٹھائے ہیں ریاست جموں و کشمیر کے عوم نے انھیں مسترد کر دیا ہے۔ میں اپنے ان تمام بھائیوں، بزرگوں، ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنھوں نے طویل محاصرے اور بے پناہ بھارتی مظالم کے سامنے سر نہیں جھکایا اور اپنے اسلاف کی قربانیوں کو زندہ رکھا۔

آج کے تاریخی دن کے موقع پر میں حکومت پاکستان، پاکستان کے عوام، پاکستان کی تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ہمیشہ کی طرح یہ دن شان و شوکت اور نظریاتی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں۔ آج کے دن میں لائن آف کنٹرول پر دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے پاک فوج کے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنھوں نے دفاع وطن کے لئے قربانیوں کی ان مٹ تاریخ رقم کی۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ اہل کشمیر کو پاکستان کی خارجہ پالیسی پر مکمل اعتماد ہے جس میں مسئلہ کشمیر سرفہرست ہے۔پاکستان ہی دنیا میں ہمارا واحد وکیل ہے جس نے ہر بین الاقوامی فورم پر محکوم کشمیریوں کے حق کی آواز بلند کی۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہش مند ہے جبکہ ہندوستان خظے میں دہشت گردی کا ماسٹر مائند ہے۔ انتہا پسند بھارتی حکومت کے جارحانہ اور انتہاپسندانہ اقدامات نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عمل درآمد میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم و جبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو نہتے، بے گناہ اور بے سروسامان کشمیریوں پر نہ آزمایا ہو لیکن بھارت اور اس کی جابر فوج کشمیریوں کے پایہ استقلال کو متزلزل نہیں کر سکے اور نہ کر سکیں گے۔ کشمیری تمام تر بھارتی مظالم کے باوجود اپنے موقف پر جرات، پامردگی اور حوصلے کے ساتھ قائم ہیں اور قائم رہیں گے۔ انشاء اللہ فتح کشمیریوں کا مقدر بنے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں