محکمہ پولیس میں ڈیجٹلائزیشن کو متعارف کروایا گیا ہے، پولیس عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے، وزیراعظم آزادکشمیرکا پولیس ٹریننگ سکول میں پاسنگ آوٹ پریڈ تقریب سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستا ن عمران خان کے ویژن کے مطابق ہر وہ کام کیا جائے گا جس سے ریاست کی بہتری کے لیے کردارادا کر سکیں۔ پر امن معاشرے کے قیام کے لیے پولیس پر سب سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ پولیس عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ محکمہ پولیس میں ڈیجٹلائزیشن کو متعارف کروایا گیا ہے۔ کاونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ، خدمت مراکز، راولاکوٹ میں پہلا وویمن پولیس سٹیشن موجودہ حکومت کی اصلاحات ہیں۔

آزادکشمیر پولیس کی تربیت کا معیار سب سے بہترین ہے۔ پولیس ٹریننگ سکول کو کالج کا درجہ دے رہے ہیں جس میں لیکچر ہال، سٹاف کی رہائش اور میس کا اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے پولیس ٹریننگ سکول مظفرآباد میں پاسنگ آوٹ پریڈ کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر پولیس کے لیے دس لاکھ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد، وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی، وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی، پارلیمانی سیکرٹری برائے ایلیمنٹری، سیکنڈری و ہائیر ایجوکیشن محترمہ پروفیسر تقدیس گیلانی، ممبر اسمبلی نثارہ عباسی، سیکرٹری صاحبان حکومت، سربراہان محکمہ جات، پولیس آفیسران اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیاز ی نے کہا کہ قانون کے نظام کو مزید بہتربنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آسکیں۔ آئندہ آزادکشمیر پولیس میں بھرتیاں بھی این ٹی ایس کے ذریعے کریں گے تاکہ پولیس میں بھی میرٹ پر پر لوگ آئیں۔ آزادکشمیر پولیس لائن آف کنٹرول پر بھی پاک فوج کے ساتھ مل کر کردار ادا کر رہی ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس کے آنے کے بعد ادارہ میں مزید اصلاحات لائی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے۔ اب روایتی طریقہ تفتیش کی ضرورت نہیں بلکہ جدید سائنسی بنیادو ں پر تفتیش کرتے ہوئے مجرموں کو سزا دی جائے تاکہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ممکن ہو۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک نے کہا کہ پاس آوٹ ہونے وا لے جوان ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر عرصہ میں پولیس کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے ہیں ا س سے پولیس کے کام میں مزید بہتری آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آزادکشمیر پولیس سیاحت کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے ساتھ بھی فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تین بڑے اضلا ع مظفرآباد، میر پور اور راولاکوٹ میں کاؤنٹر ٹیر رازم ڈیپارٹمنٹ، سائبر سکیورٹی اور سائبر کرائم کی تفتیش کے ساتھ ساتھ 10 اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ جرائم کم سے کم ہوں اور مجرموں تک آسانی سے پہنچا جا سکے۔

آزادکشمیر پولیس کو دنیا کے 32 ممالک کے کونسلیٹ کے ساتھ منسلک کر رہے ہیں اور پہلی بار آزدکشمیر تھانوں میں لائیو اور سی سی ٹی وی سسٹم کو متعارف کروایا ہے۔ تقریب میں ایس ایس پی ریاض حیدر بخاری نے 570 ریکروٹس سے حلف لیا اور وزیر اعظم نے ٹریننگ کے دوران احسن کارکردگی دکھانے والے آفیسران میں نقد انعامات اور سرٹیفکٹس تقسیم کیے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں