یوم یکجہتی کے موقع پر سینیٹ کا اجلاس مظفر آباد میں منعقد کرنے کی تجویز، صدر آزاد کشمیر کی ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نےقانونی رکاوٹیں دور کرنے کی بات کہہ دی

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان سینٹ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اس سلسلے میں ہم مختلف اقدامات اُٹھائیں گے۔ میری یہ بھی کوشش ہے کہ 5 فروری کو سینٹ آف پاکستان کا اجلاس آزادکشمیر کے درالحکومت مظفرآباد میں بلایا جائے تاہم اس سلسلے میں حائل بعض رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم اس سلسلے میں 5فروری کو مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا واضح پیغام دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کا تقاضا ہے کہ پاکستان کے تمام ادارے متحد ہو کر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں۔ اگرچہ ہم ہر موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں لیکن اب ہمیں مزید موثر انداز میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور ممبران سینٹ کی طرف سے کشمیری عوام سے یکجہتی پر اُن کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے بھائی کی ناگہانی وفات پر اُن سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close