لندن/بریڈفورڈ (آئی این پی)جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے 5 فروری سے ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کر دیا، 5 فروری سے 11 فروری تک برطانیہ، یورپ اور پاکستان و آزاد کشمیر میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرکے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا، ہفتہ یکجتی کشمیر کے حوالے سے پروگراموں کو حتمی شکل دے کر شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد دنیا کے با اثر ممالک میں کشمیریوں کی آزادی اور حق خودارادیت کی تحریک کو اجاگر کرنا ہے۔
جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے ہفتہ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سرگرمیوں کے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری سے 11 فروری تک ہفتہ یکجتی کشمیر کے موقع پر مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرکے نا صرف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا بلکہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے۔ بین الاقوامی برادری کی طرف سے کشمیر کے لیے مؤثر ردعمل کی ضرورت ہے، دنیا کشمیر کو انسانی مسئلہ کے طور پر توجہ دے، بھارت ایک جانب کشمیر میں ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔ مودی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے۔ جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل جہاں برطانیہ اور یورپ میں اپنی سرگرمیوں جاری رکھے ہوئے ہے وہیں پاکستان میں بھی پارلیمنٹیرینز، انسانی حقوق کی ارکان، سول سوسائٹی، کشمیری ایکٹوسٹ کے ساتھ مل کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں برطانیہ، یورپ اور پاکستان میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ، ممبران ہاؤس آف لارڈز، ممبران قومی اسمبلی، سینیٹرز، ممبران آزاد کشمیر اسمبلی شریک ہوں گے۔ پاکستان میں ہونے والی سرگرمیوں میں جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم خان، لارڈ میئر لیڈز کونسلر اصغر خان قریشی، نورین فاروق ابراہیم ممبر قومی اسمبلی، شاندانہ گلزار خان ممبر قومی اسمبلی، کنول شوذب ممبر قومی اسمبلی اور ممبران قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر ہفتہ یکجہتی میں شریک ہوں گے۔
برطانیہ میں مختلف تقریبات میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان، ایم پی ڈیبی ابراہم چیئرپرسن آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ، ایم پی اینڈریو گویئن چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر، شیڈو منسٹر ایم پی بیرسٹر عمران حسین، شیڈو منسٹر ایم پی افضل خان، شیڈو منسٹر ایم پی ناز شاہ، ایم پی جیمز ڈیلی چیئرمین کنزرویٹر فرینڈز آف کشمیر، لارڈ واجد خان، جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے سرپرست اعلیٰ سردار عبدالرحمن خان، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، سابق لارڈ بریڈفورڈ راجہ غضنفر خالق، آسیہ حسین، نائلہ شریف، چیئر پرسن برٹش مسلم وویمن فورم صبیحہ خان اور شریک ہوں گے۔ تحریک کے ذمہ دران ڈاکٹر راجہ ساجد محمود، عبیدالرحمن قریشی صدر یوتھ پارلیمینٹ پاکستان، محمد شہزاد خان، کنول حیات نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کیلئے مہم شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے کیلئے تیاریوں کا اغاز کر دیا ہے۔ ہر سال کی طرح امسال بھی بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے ہفتہ یکجتی کی تقریبات میں عملی شرکت کرکے بھارت کے ظالمانہ اقدامات کو اجاگر کریں گے۔ دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے میں بیرون ممالک مقیم کمیونٹی کا انتہائی اہم کردار ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں