صدر آزاد کشمیر سے برطانیہ کے شہر لیڈز سٹی کونسل کےلارڈ میئر اصغر خان کی ملاقات

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے برطانیہ کے شہر لیڈزکی سٹی کونسل کے لارڈ میئر اصغر خان کی ایوان صدر کشمیرہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر ملاقات میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر اُٹھایا جائے۔ مسئلہ کشمیر اُس وقت پیدا ہوا جب برطانیہ 1947میں بر صغیر میں اپنے دو سو سالہ اقتدار کے خاتمے پر اس خطے سے گیا۔

لیکن وہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر اس خطے سے چلا گیا۔ اس لئے برطانیہ کی یہ دوہری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی کوششیں کرے اس سلسلے میں جہاں برطانیہ کی پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرسکتی ہے وہاں برطانیہ کی لوکل کونسلز بھی اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار اد اکر سکتی ہیں۔ برطانیہ میں کشمیریوں او رپاکستانیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے اس سلسلے میں وہ بھی اپنے اپنے حلقوں برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار اد ا کرنے کے لئے کہیں۔میں خود بھی برطانیہ اور یورپ میں گیا ہوں اور میں نے دیکھا ہے کہ وہاں کی رائے عامہ کشمیریوں کے حق میں ہے لہذا اس رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لئے مزید موثر انداز میں اپنا کردار اد کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر لیڈز کے میئر اصغر خان نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بتایا کہ لیڈز برطانیہ کی ایک بڑی سٹی کونسل ہے اوراس میں مسئلہ کشمیر پر قرار داد بھی پاس ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دو ماہ قبل اپنے دورہ برطانیہ کے موقع پر لیڈز سٹی کونسل سے خطاب بھی کیا تھا۔ اس موقع پر لیڈز سٹی کونسل کے لارڈ میئر اصغر خان نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو لیڈز کونسل سے دوبارہ خطاب کی دعوت دی اور بتایا کہ لیڈز یونیورسٹی کا آزادکشمیر کی یونیورسٹیوں سے الحاق کیا جائے گا۔ اس موقع پر صدر آزادکشمیر نے لارڈ میئر اصغر خان کی لیڈز کونسل سے خطاب کرنے کی دعوت کوقبول کرتے ہوئے کہا کہ مناسب وقت پر دورہ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

بعد ازاں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وائس چانسلر نارتھ ہمپٹن یونیورسٹی پروفیسر نک پتفورڈ (Nick Petford)نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ نارتھ ہمپٹن یونیورسٹی اور آزادکشمیر کی یونیورسٹیوں کو آپس میں منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آزادکشمیر کی یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات آزادکشمیر میں رہ کر نارتھ ہمپٹن یونیورسٹی کی ڈگری حاصل کر سکیں گے اور برطانیہ جا کر نارتھ ہمپٹن یونیورسٹی سے ڈگری بھی وصول کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں اسے عملی شکل دینے کے لئے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں