آزاد کشمیر، خود روز گارسکیم کے چیک کی تقسیم کی تقریب،وزیر اعظم آزادکشمیر نے بلا سود قرضہ جات کے چیک تقسیم کیے

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے محکمہ صنعت و حرفت، سمال انڈسٹریز و اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے اشتراک سے آزادکشمیر میں غربت میں کمی اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لیے خود روزگار سکیم کے تحت لوگوں کو بلا سود قرضہ جات کے چیکس تقسیم کیے، خود روز گارسکیم کے حوالہ سے چیک کی تقسیم کی تقریب وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں مشیر صنعت و تجارت و سمال انڈسٹریز چوہدری مقبول احمد، مشیر اوقاف حافظ حامد رضا اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ تقریب سے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی، سیکرٹری صنعت و حرفت، سمال انڈسٹریز سید ظہور الحسن گیلانی، اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے نمائندہ شہزاد اکبر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ سیکرٹری سمال انڈسٹریز سید ظہور الحسن گیلانی نے آزاد کشمیر میں غربت کے خاتمہ کے لیے جاری سکیم کے حوالہ سے شرکاء کو بریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر سے غربت کے خاتمہ، روزگار کی فراہمی اور عوام کی فلاح وبہبود و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خود روز گار سکیم شروع کرنے پر سمال انڈسٹریز اور اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ سکیم عوام کے لئے سود مند ثابت ہوگی۔

وزیر اعظم نے سمال انڈسٹریز اور اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے حکام کے پرزور دیا کہ سکیم سے غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائیں تاکہ وہ خوشحال ہو سکیں۔ مستحق لوگوں کو اس سکیم میں شامل کیا جائے اور اس قرضہ کا صحیح استعمال کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والوں کو بھی اس سکیم سے مستفید کروائیں تاکہ وہ روز گار حاصل کر سکیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ محکمہ سمال انڈسٹریز اور اخوت اسلامک مائیکرو فنانس ملکر عوام کی خوشحالی کے لئے اس سکیم کو کامیاب بنائیں۔ آخر میں وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے خود روزگار سکیم کے تحت لوگوں میں بلا سود قرضہ جات کے چیکس تقسیم کیے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close