سستی بجلی کو بھول جائیں، حکومت نے بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے یکم فروری سے مہنگائی سے متاثرہ متوسط طبقے کی 20 ارب روپے کی بجلی سبسڈی ختم کرنے کا پروگرام کرلیا، تین سو یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والوں کیلئے ٹیرف 3 روپے 11 پیسے فی یونٹ بڑھ جائیگا جبکہ چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے حکومتی درخواست پر دوران سماعت ریمارکس نیپرا نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

پیر کو بجلی صارفین کی مختلف کیٹیگریز کیلئے یکم فروری سے فی یونٹ 8 سے 95 پیسے تک اضافے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت کی صدارت چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کی۔سماعت کو جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویڑن محفوظ بھٹی نے اتھارٹی کو بتایا کہ سبسڈیز کم کرنے کیلئے ٹیرف میں اضافہ ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ نئے طریقہ کار کے تحت 200 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی فراہم کی جائیگی، باقی تمام صارفین کو استعمال شدہ بجلی کی مکمل قیمت کی ادائیگی کرنا ہو گی۔انھوں نے کہا کہ اس وقت بجلی صارفین کو 238 ارب روپے کہ سبسڈی دی جا رہی ہے اس درخواست میں سبسڈی کے حجم میں 20 ارب روپے کی کمی ہو گی جبکہ اوسط ٹیرف میں بیس پیسے اضافہ ہو گا۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سبسڈی دینا یا نہ دینا حکومت کا اختیار ہے اتھارٹی کا اس معاملے میں کردار صرف پوسٹ آفس جیسا ہے ٹیرف میں اضافہ سے صارفین کو ناپسند آئیگا۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی درخواست میں ایک سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے 8 پیسے، 101 سے دو سو یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے 18 پیسے جبکہ دوسو ایک سے تین سو یونٹ تک کے صارفین کیلئے 48 پیسے اضافہ مانگا گیا ہے،اسی طرح 301 سے سات سو یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے ٹیرف میں 95 پیسے اضافہ تجویز کیا گیا ہے نیپرا حکومت کی درخواست پر فیصلہ چند روز میں جاری کریگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں