آئندہ عام انتخابات میں کون سی جماعت ملک بھر میں کامیابی حاصل کرے گی؟ بلوچ لیڈر نے بڑا دعویٰ کر دیا

کو ئٹہ (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے صدر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن)ملک بھر میں کامیابی حاصل کرے گی اور آئندہ ملک کے وزیراعظم نواز شریف ہونگے اور کوئی بھی طاقت نواز شریف کو وزیراعظم بننے سے نہیں روک سکتی موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملک کو تباہی و بربادی سے دوچار کردیا ، اس وقت ملک آئی ایم ایف کے رحم وکرم پر ہے اگر مسلم لیگ(ن)کی حکومت برقرار رہتی تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کے ایک اہم ادارے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیاجس کی وجہ سے صورتحال مزید گھمبیر ہوتی گئی ہے، بدقسمتی سے حکمرانوں نے ملک کے تباہی و بربادی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا،وقت اور حالات کا تقاضا یہی ہے کہ موجودہ حکمران گھروں کو چلتے بنے اور ملک میں صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد کراکر عوام کے منتخب نمائندوں کو اقتدار حوالے کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے خاتمے کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور مسلم لیگ(ن)بہت جلد احتجاجی تحریک شروع کرے گی اب وقت ہے کہ حکمران ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائے۔

انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک بحرانوں کی طرف گامزن ہے بے روزگار ی اور مہنگائی کی وجہ عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں جس کے ذمہ دار موجودہ سلیکٹڈ حکمران ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برف باری سے ہونے والے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائی جائیں۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close