وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر بلال اکبر کی ملاقات

سعودی عرب (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر جنرل (ر) بلال اکبر نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر حکومت اظہر صادق بھی موجود تھے۔پاکستان کے سفیر جنرل (ر) بلال اکبر نے وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دی۔وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے عمران خان نے سفیر کشمیر کا حق نبھایا ہے۔

مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان کی سفارتی کاوشوں پر مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا مسئلہ کشمیر کی حساسیت کو سمجھ رہی ہے، پاکستان کا کردار تاریخی ہے۔ پاکستان کی سفارتی کاوشوں کے وجہ سے آج ایک بار پھر دنیا میں کشمیر پر بات ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کا نفاذ ہے، جعلی فوجی مقابلوں کے ذریعے بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جینو سائیڈ واچ اور دیگر انسانی حقوق کی مقبوضہ کشمیر بارے رپورٹس حقائق پر مبنی ہیں۔ او آئی سی اور اقوام متحدہ سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ اپنا فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے کردار کو بھی سراہا۔

پاکستان کے سفیر جنرل (ر) بلال اکبر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close