حضرت سائیں سخی سہیلی سرکارؒ کا 122واں سالانہ عرس اختتام پذیر، پاکستان و آزادکشمیر سے ہزاروں زائرین کی شرکت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) حضرت سائیں سخی سہیلی سرکارؒ کا 122واں سالانہ عرس اختتام پذیر ہو گیا۔ محکمہ اوقاف آزادکشمیر کے زیر اہتمام 09روزہ عرس میں پاکستان و آزادکشمیر سے ہزاروں زائرین نے شرکت کی۔ عرس کی اختتامی تقریب کے موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر کے معاون خصوصی برائے اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ حافظ حامد رضا نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی، پاکستان کے سلامتی و استحکام، کرونا وباء سے نجات ،شہدائے افواج پاکستان ، شہدائے تحریک آزادی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

اختتامی تقریب میں وزراء حکومت خواجہ فاروق احمد، چوہدری محمد رشید، ڈاکٹر نثار انصر ابدالی،سیکرٹری اوقاف محمد ادریس عباسی، چیئرمین مرکزی ذکوٰۃ کونسل پیر سید عارف گیلانی، میاں عتیق جھاگوی، ڈائریکٹر جنرل اوقاف سردار طارق محمود، ڈائریکٹر جنرل ہمراہ وزیراعظم محسن علی اعوان سمیت علماء کرام، انتظامی افسران سمیت زائرین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ عرس مبارک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صاحبزادہ حافظ حامد رضا نے کہاکہ اللہ رب العزت ولایت انہیں عطا کرتے ہیں جن کا ظاہر اور باطن نور سے چمک رہا ہوتا ہے اور جنہوں نے اپنے شب و روز اتباع رسول ﷺ میں گزارے ہوں۔بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیاوی و اخروی زندگی میں فلاح پا سکتے ہیں۔ بزرگان دین نے تقویٰ اختیار کیا۔ عرس کی تقریبات میں باوضو ہو کر آئیں۔ حضرت سائیں سخی سہیلی سرکارؒ کی تعلیمات پر عمل کریں۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ اوقاف کو بہترین انتظام و انصرام پر شاباش دیتا ہوں۔ دوران عرس انتظامیہ اور پولیس کا بھی کلیدی کردار رہا اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمہ جات خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم آزادکشمیر کی سرپرستی میں عرس کی تقاریب آج اختتام پذیر ہورہی ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے لئے سعودی عرب میں ہیں ورنہ انہوں نے اختتامی تقریب میں شرکت کرنا تھی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات خواجہ فارو ق احمد نے کہاکہ اولیاء اللہ نے دین اسلام نبی رحمت ﷺ کے پیغام کو پوری دنیا تک پہنچایا۔ سائیں سہیلی سرکارؒ نے اس خطہ میں دین اسلام سے لوگوں کو فیض یاب کیا۔ اللہ رب العزت مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو آزادی نصیب فرمائیں۔ انہوں نے کہاکہ سائیں سہیلی سرکار کو شایان شان انداز میں تعمیر کیا جارہا ہے۔ وزیر منصوبہ بندی وترقیات چوہدری محمدر شید نے کہاکہ122سال گزرنے کے باوجود بھی سائیں سہیلی سرکار ؒ کا فیض جاری ہے۔ نبی اکرم ﷺ کی اتباع میں زندگی گزار کر ہم دنیا و آخرت دوں میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

اولیاء کرام نے نبی اکرم ﷺ کی اتباع میں اپنے شب ر وز بسر کیے۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام کے فیض سے آج بھی لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ اللہ رب العزت ان نسبتوں کو قائم رکھے۔ انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کے بہترین انتظام پر محکمہ اوقاف کو مبارکباد دیتاہوں۔سائیں سہیلی سرکار کا دربار آزادکشمیر کا چہرہ ہے، سائیں سہیلی سرکار کو شایان شان بنایا جائے گا۔ سیکرٹری اوقاف محمد ادریس عباسی نے کہاکہ عرس کی تقریبات کے دوران معاون خصوصی برائے اوقاف بھرپور نگرانی کرتے رہے، عرس مبارک میں بھرپور تعاون پر انتظامیہ، پولیس، برقیات، بلدیات ودیگر متعلقہ محکمہ جات کے شکرگزار ہیں۔ سائیں سہیلی سرکار ؒ کمپلیکس کی تعمیر کا کام جاری ہے جو اکتوبر تک مکمل ہو جائیگا۔ ہماری کوشش ہے کہ وقت سے پہلے اس کی تکمیل کی جائے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close