عمران خان کا متبادل کوئی نہیں، اگر کسی کو شک ہے تو زورآزمائی کر لے

لاہور (پی این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کا متبادل کوئی نہیں، اگر کسی کو شک ہے تو زورآزمائی کر لے، پی ٹی آئی میں قیادت کیلئے کوئی دھڑے بندی نہیں، 99 فیصد ووٹ بینک عمران خان کا ہے،اپوزیشن عمران خان کے ساتھ عوامی سپورٹ کی وجہ سے کچھ نہیں کرپارہی ، جب سپورٹ نہیں ہوگی تو تبدیلی ممکن ہوسکتی ہے۔

انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا متبادل کوئی نہیں، اگر کسی کو شک ہے تو زورآزمائی کرکے دیکھ لے، تحریک انصاف کا 99 فیصد ووٹ بینک عمران خان کا ہے، پی ٹی آئی میں قیادت کیلئے کوئی دھڑے بندی نہیں، پرویز خٹک وزیراعلیٰ بننے کے بعد بڑی شخصیت بن کر ابھرے ہیں، شاہ محمود قریشی سینئر سیاستدان ہیں۔جب بجٹ یا کوئی اہم موقع آتا ہے تو کہا جاتا ہے اتحادی عمران خان کے ساتھ نہیں، عمران خان کے ساتھ عوام کھڑی ہے اس لیے اپوزیشن کچھ نہیں کر پا رہی ہے،جس دن اپوزیشن کو لگا کہ اب عمران خان کے ساتھ عوام کی سپورٹ نہیں ہے۔ اس دن تبدیلی بالکل ممکن ہوسکتی ہے، لیکن اب تو عوام عمران خان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں قیادت کیلئے رسہ کشی چل رہی ہے، لیکن مجھے نہیں معلوم کہ مسلم لیگ ن کے چار لوگ ملے ہیں یانہیں۔دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن موجودہ حکومت کیلئے چیلنج نہیں، ہمیں ان سے کوئی گھبراہٹ نہیں۔

ہم اپوزیشن سے سیاسی انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہمارا چیلنج مہنگائی ہے، ہم مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت کا چوتھا سال خوشحال پاکستان کا سال ہوگا، موجودہ حکومت نے پہلی بار خارجہ پالیسی کو نئی سمت دی ہے، خارجہ پالیسی کو جیو پولیٹیکل سے جیو اکنامکس بنیادوں پر استوار کیا گیا ہے، عدالتوں کی کارروائی پر اثر اندازہونے کی کوششوں کے حوالے سے ہمیں ماضی سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close