سعودی عرب میں مقیم کشمیری ہمارا اثاثہ ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی مدینہ منورہ میں اوورسیز کشمیریوں سے گفتگو

مدینہ منورہ (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ایک چیلنج ہیں، بلدیاتی الیکشن ہر صورت ہوں گے۔تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کرے گی، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے پیغام کو گھر گھر اور قریہ قریہ پہنچایا جائے گا۔سعودی عرب میں مقیم کشمیری ہمارا اثاثہ ہیں۔ریاست کو عام آدمی کیلیے فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہیں، تمام وسائل لوگوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کی صورت میں ملک کو ایک ایماندار اور جرات مند رہنماء ملا ہے جس پر قوم کو بھرپور اعتماد ہے۔

اپوزیشن بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پوائنٹ سکورنگ نہ کرے، ایک اچھا کام ہونے جا رہا ہے تو اس میں ہمارا ساتھ دے، مثبت تجاویز کا خیرمقدم کریں گے، جلد اس سلسلے میں کل جماعتی کانفرنس بھی بلائیں گے۔ الزام تراشیوں کی سیاست کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے۔میری پوری کوشش ہے کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دوں۔میڈیا پسے ہوئے طبقات کے مسائل کو اجاگر کرے اور ایسے ایشوز کی نشاندہی کرے جن پر توجہ نہیں دی جا سکی۔وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف مدینہ المنورہ کے صدر خواجہ زبیر، جنرل سیکرٹری محمد یاسین خان سے بات چیت کرتے ہوے کیا،اس موقع پر انفارمیشن سیکرٹری پی ٹی آئی مدینہ المنورہ محبت شاہ، ویلفیئر سیکرٹری اسد علی چیمہ، رہنما پی ٹی آئی یوتھ ونگ راولپنڈی سردار احسن اقبال و دیگر بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیراعظم کو مدینہ المنورہ میں شہر رسول اللہﷺ میں خوش آمدید کہا اور عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دی۔وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام نے جولائی کے عام انتخابات میں دو جماعتی گٹھ جوڑ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا اور تحریک انصاف کی شکل میں عوام کی حقیقی قیادت کو خدمت کا موقع دیا، اس لئے ہم پر بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کے اس اعتماد پر پورا اتریں۔

انہوں نے کہا ہم سب کو محنت سے کام کرنا ہو گا یہی ہماری کامیابی کی دلیل ہو گی کہ ہم ایک طرف ترقیاتی منصوبوں پر فوکس قائم رکھیں جبکہ دوسری جانب عوام کو ریلیف بھی فراہم کریں۔انہوں نے کہا اس وقت بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، ریاست میں ایک طویل عرصے کے بعد بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں جس کا سہرا تحریک انصاف کی حکومت کے سر ہے اور اسکا کریڈٹ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا عمران خان جرات مند قائد ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں عوام کو حوصلہ دیا ہے ان کی صورت میں پاکستان کو ایک دور اندیش قائد میسر آیا ہے۔وفد نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں آزادکشمیر میں حقیقی فلاحی مملکت کے دور کا آغاز ہو چکا ہے، بلدیاتی انتخابات اور اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ تاریخی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں