لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف ملتان کے عہدیداروں نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، مسلم لیگ ق کی قیادت نے پارٹی شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کیا ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی کو کنٹرول بہت ضروری ہے، پارٹی کارکنان اثاثہ ہیں، انہیں تنہا چھوڑیں گے۔
مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف ملتان کے عہدیدار شوکت علی قریشی اور ن لیگی سینئر رہنما ڈاکٹر متین احمد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ق لیگ پنجاب کے سینئرنائب صدرمخدوم بابرعلی بھی موجود تھے، ملاقات میں ملک سیاسی اور مہنگائی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرسلم لیگ ن اور تحریک انصاف ملتان کے عہدیداروں نے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ ق کی قیادت نے پارٹی شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی کو کنٹرول بہت ضروری ہے، روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے خدمت کے سفر کو تیزکرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مخلص کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں ہم انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس، پٹرولنگ پوسٹیں، مفت ادویات، کسانوں کو ساڑھے بارہ ایکڑ تک اراضی پر زرعی ٹیکس کی معافی، ٹیوب ویل کا آدھا بل ادا کرنا ہمارے کامیاب منصوبے ہیں۔
گزشتہ روز مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کل کے معاشی حالات میں سب سے زیادہ متاثر تنخواہ دار طبقہ ہے، فیکٹری مالکان اپنی چیزوں کی قیمت بڑھا کر منافع کما لیتے ہیں، مالکان اپنے اداروں میں کام کرنے والوں کی تنخواہیں نہیں بڑھاتے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ سال میں صرف ایک مرتبہ ہوتا ہے، مہنگائی مہینے میں دو مرتبہ بڑھ جاتی ہے تو پھر وہ کیسے اس ہوشربا مہنگائی کا مقابلہ کریں گے؟ آئندہ انقلاب تنخواہ دار طبقے کے ذریعے ہی آئے گا۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ ہر لیڈر حکومت میں آنے سے پہلے مہنگائی کا شور مچاتا ہے، آج تک کسی نے یہ نہیں بتایا کہ معاشی مسائل کا حل کیسے نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں