نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ خان کودوران ڈکیتی قتل کرنے والےپولیس اہلکار نے گرفتاری ٹیم کو دیکھ کر خود کشی کر لی

کراچی (پی این آئی) کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ کو قتل کرنے والے مبینہ ملزم پولیس اہلکارنے گرفتاری سے قبل خودکشی کرلی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شاہ رخ قتل کیس میں ایک مشتبہ ملزم علی فرزند جعفری کی گرفتاری کے لئے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے گلشن اقبال بلاک 7 میں ایک ریسٹورنٹ پر چھاپہ مارا۔ پولیس کو دیکھ کر ملزم نے اچانک اپنا پستول نکال کر کنپٹی پر خود کو گولی مارلی،

متوفی شعبہ انویسٹی گیشن پولیس کا سپاہی تھا جو ڈسٹرکٹ ویسٹ میں تعینات تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ خود کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار کو سی سی ٹی وی کی مدد سے شناخت کیا گیا تھا۔کراچی پولیس کے مطابق ملزم کی مختلف زاویوں کی دیگر کیمروں سے بھی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی تھی، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کی گلشن اقبال میں موجودگی کی اطلاع پر چھاپامارا گیا تھا۔ کراچی کے علاقے پاکستان ایمپلائز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) میں کشمیر روڈ کے قریب ایک گھر کے باہر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک ملزم کی فائرنگ سے نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ جاں بحق ہوگیا تھا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں