بارشوں اور برف باری کی پیشنگوئی، پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

کوئٹہ (آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز میں صوبے کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور برف باری کی جاری کی گئی پیشن گوئی کے تناظر میں پی ڈی ایم اے اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ہفتے کو وزیراعلیٰ کی جانب سے پی ڈی ایم اے کو متعلقہ اضلاع میں ضروری مشنری ایندھن خیمے کمبل اور اشیاء خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے

وزیراعلیٰ نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کوبھی کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کے تمام تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے وزیراعلیٰ کی جانب سے اس یقین کا اظہار کیا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی شدید بارشوں اور برف باری کے دوران متعلقہ محکموں اور اداروں کی جانب سے پیش کی گئی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا اور حکومت اس حوالے سے تمام ضروری وسائل فراہم کریگی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں