مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے فیصلہ کی روشنی میں اور وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی ہدایت پر آزادکشمیر میں تمام عمارات کو ایک پلاننگ کے تحت بنانے، جنگلات اور گرین بیلٹ کے تحفظ کے لیے سیٹلائیٹ مانیٹرنگ سسٹم اوربلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بلڈنگ بائی لاز بنانے اور مہاجرین جموں وکشمیر 1989کی فوری آبادکاری کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر شکیل قادر خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل سید آصف حسین، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو احسان خالد کیانی، سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اعجاز احمد خان، سیکرٹری پی این ڈی محمد بشیر بٹ،ممبر بورڈ آف ریونیو چوہدری مختار حسین ودیگر متعلقہ احکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت اجلاس جس میں وزیرا عظم آزادکشمیر سردا ر عبدالقیوم نیازی اور وفاقی وزراء سمیت دیگر متعلقہ حکام موجود تھے میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام تعمیرات کو ایک کوڈ اور پلاننگ کے تحت بنا یا جائے نیز جنگلات اور گرین بیلٹ کے تحفظ کے لیے سٹلائیٹ مانیٹرنگ سسٹم سمیت دیگر اقدامات بھی کیے جائیں نیز مہاجرین جموں وکشمیر 1989کی مکمل آباد کاری کے لیے ان کو ہاؤسنگ و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس کے لیے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت آزادکشمیر فوری طور پر اس سلسلہ میں اقدامات کرے۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان نے اجلاس میں بتایا کہ وزیرا عظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے بھی عملدرآمد کے لیے فوری ہدایات جاری کیں ہیں چیف سیکرٹری آزادکشمیر کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیرمیں سیٹلائیٹ مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے تعمیراتی کوڈ اور جنگلات کے تحفظ کے لیے مانیٹرنگ کی جائے نیز جب تک سپارکو سسٹم نہیں لگایا جاتا اس وقت تک گوگل سسٹم کے ذریعے استفادہ کیا جائے۔
نیز یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آزادکشمیر کی تمام میونسپل کمیٹیاں اپنے اپنے علاقوں کا ماسٹر پلان بنائیں جن کے پاس پہلے سے CDOکا ماسٹر پلان موجود ہے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں محکمہ لوکل گورنمنٹ اور اس کے ذیلی ادارے پہلے سے کی گئی تجاوزات کی کٹیگر ی بنائیں گے اوران کے خاتمہ کے لیے اقدامات کریں،متعلقہ حکام فوری طورر پر بلڈنگ بائی لاز بنانے کے لیے کام کریں گے نیز مہاجرین جموں وکشمیر 1989کی مکمل آبادکاری کے لیے فوری کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایاگیا کہ آزادکشمیر کے محکمہ بورڈ آف ریونیو نے پہلے ہی مہاجرین کی آبادکاری کے لیے رقبہ کی نشاندہی کر دی ہے۔ اب نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے تعاون سے آباد کاری کے کام کو فوری شروع کیا جائے گا اس کے لیے زمین حکومت آزادکشمیر مہیا کرے گی جبکہ فنانس حکومت پاکستان دے گی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ان پراجیکٹس کے لیے فوری کام شروع کردیں۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں