مری (پی این آئی)ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کوریا کی کشتی ڈوبنے پر وزیراعظم کے مستعفی ہونے کا بھاشن دیتے تھے، سانحہ مری میں 23 جانیں آپ کی نااہلی کی وجہ سے موت کے منہ میں گئیں، ذرا بھی غیرت ہوتی تومستعفی ہوجاتے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے مری سانحے میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھاکہ عمران خان جنوبی کوریا کی کشتی ڈوبنے پر وزیراعظم کے مستعفی ہونےکا بھاشن دیتے تھے، سانحہ مری میں 23 جانیں آپ کی نااہلی کی وجہ سے موت کے منہ میں گئیں، ذرا بھی غیرت ہوتی تومستعفی ہوجاتے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز مری میں برفانی طوفان اور رش کے باعث 23 افراد اپنی گاڑیوں میں انتقال کرگئے تھے، انتقال کرجانے والوں میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل تھے۔ابتدائی رپورٹ میں معلوم ہوا ہے کہ مری میں گاڑیوں میں بیٹھے 22افرادکاربن مونو آکسائیڈ سے جاں بحق ہوئے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو سانحہ مری کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق7 جنوری کو مری میں 16گھنٹے میں4 فٹ برف پڑی،3 جنوری سے7 جنوری تک ایک لاکھ 62 ہزارگاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹریفک لوڈمینجمنٹ نہ کرنے پر اظہار برہمی کیا ہے، جبکہ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ گاڑیوں میں بیٹھے 22 افرادکاربن مونو آکسائیڈ سے جاں بحق ہوئے، 16 مقامات پر درخت گرنے سے ٹریفک بلاک ہوئی، مری جانے والی 21 ہزارگاڑیاں واپس بھجوائی گئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں