ڈالر اچانک 200پر۔۔؟؟ پاکستانیوں کیلئے تشویشناک خبر آگئی

سکھر (پی این آئی) رکن پارلیمنٹ سید خورشید شاہ نے ڈالر کی قیمت 200 روپے تک جانے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کا کہنا ہے کہ ڈالر اور پٹرول کی قیمت 200 روپے تک پہنچ جانے کی بات اب نوشتہ دیوار ہے۔ پی پی رہنما نے حکمراں جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف جب سے وجود میں آئی ہے وہ ڈرائی کلین ہی ہے۔

یہ اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ دھرتی بھی ہل جائے، پی ٹی آئی والوں کے جھوٹ کی وجہ سے ملکی معشیت تباہ ہوچکی ہے۔رکن پارلیمنٹ نے وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو معیشت، ڈالر اور روپے کے درمیان کا فرق پتہ نہیں ہے، اسے یہ تک پتہ نہیں کہ ڈالر کے ساتھ گیس ،بجلی ،تیل اور ملکی معیشت وابستہ ہے، یہ لوگ منی بجٹ کے ذریعے ملک کو گروی رکھنے جا رہے ہیں، منی بجٹ کے بعد ملک میں ایک نہیں دو وزیر اعظم ہوں گے، ایک ایگزیکٹیو وزیراعظم اور دوسرا اسٹیٹ بنک کا گورنر بھی وزیر اعظم ثابت ہوگا۔دوسری جانب منگل کے روز کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 179 روپے ہو گئی۔ جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدرمیں 24 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا جس سے ڈالر کی قیمت 176 روپے 75 پیسے ہوگئی۔

جبکہ منگل کے روز وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس میں بھی رد و بدل کر دیا۔ پٹرول پر 4.77 فیصد ،ہائی اسپیڈ ڈیزل پر9.08 فیصد، مٹی کے تیل پر سیلز ٹیکس کی شرح 8.30 فیصد جبکہ لائٹ ڈیزل پر سیلز ٹیکس 2.70 فیصد شرح مقرر کردی گئی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں