لاہور(پی این آئی)نئے سال 2022ءکے آغاز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ہے، قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی ۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر حکومت کی طرف سے فاقہ کش عوام پر ایک اور ظالمانہ اقدام پیٹرولیم مصنوعات میں چارروپے فی لٹر اضافہ کردیا گیا ہے۔
عوام پر مہنگائی، بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی مسلسل بجلیاں گرائی جارہی ہیں، پیٹرولیم مصنوعات میں چارروپے فی لٹر قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی اور فاقہ کشی کے کوڑے برسانے کا سلسلہ جاری ہے، حکمرانوں نے ساڑھے تین سال سے عوام کو صرف مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا، پالیسی ریٹ سے لے کر کھانے پینے کی اشیا تک ہر چیز کی قیمت میں اضافہ کرپشن اور نااہلی کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔متن کےمطابق حکومت کا ہر فیصلہ قوم کےلئےایک نیا برا دن لے کر طلوع ہورہا ہے، بجلی، گیس، پیٹرول اور ٹیکس ریٹ کی موجودہ شرح پر نہ کاروبار چل سکتا ہے اور نہ ہی غریب کا گھر، پنجاب کا یہ ایوان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس اضافے کی شدید مذمت کرتا ہے،وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیا خوردونوش کی قیمت میں اضافہ نہ صرف واپس لے بلکہ مزید کمی کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں