پشاور (پی این آئی) خیبر پختونخوا میں ایک اور ایکسپریس وے اور موٹروے کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی زیرصدارت ہونے والے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی کے اجلاس میں دیر ایکسپریس وے اور پشاور ڈی آئی خان موٹروے کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں ایک اور ایکسپریس وے اور موٹروے کی منظوری دے دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان کی زیرصدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دیر ایکسپریس وے اور پشاور ڈی آئی خان موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دیرایکسپریس وے کی تعمیر پر لاگت 33.5 ارب روپے آئے گی جبکہ 30 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے چکدرہ تارباط تعمیر ہو گی۔ بتایا گیا ہے کہ چار لینز پر مشتمل ایکسپریس وے پر دو سرنگیں اور تین انٹرچینجز تعمیر ہوں گے۔علاوہ ازیں 360 کلومیٹر طویل پشاور ڈی آئی خان موٹروے تعمیر کی جائے گی جس پر 240 ارب سے زائد کی لاگت آئے گی۔ بتایا گیا ہے کہ موٹروے 6 لینز پر مشتمل ہوگی جس پر19 انٹرچینجز اور 2 ٹنلز تعمیر کیے جائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں میگا منصوبے پہلے ہی ایکنک سے منظور ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں