کراچی(پی این آئی) مغربی ہواوں کے نئے سلسلے کی آمد کے بعد کراچی میں سردی کا 13 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شہر قائد میں پیر کے روز دن کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پیر کے روز شہریوں کو غیر متوقع سردی کی لہر کا سامنا کرنا پڑا۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز دن کے وقت شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو 13 سال کے دوران کراچی میں دن کے وقت کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔2008 میں کراچی میں دن کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 19 عشاریہ 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی کراچی میں بارش کی پیش گوئی درست ثابت ہوئی، شہر قائد میں بارش نے موسم مزید سرد کردیا۔کئی علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے معمولات زندگی قدرے متاثر بھی ہوئے۔ کراچی کے بیشترعلاقوں میں صبح ساڑھے 6 بجے کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوئی، جن میں مزار قائد، جمشید روڈ، طارق روڈ، لسبیلہ، عزیز آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، لانڈھی، کورنگی، اورنگی ٹائون، گلشن حدید، خالید بن ولید روڈ، ملیر، سعود آباد، بہادر آباد، یونیورسٹی روڈ، اسٹیڈیم روڈ، شارع فیصل، سرجانی ٹائون، نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاری، صدر، گارڈن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش قائد آباد اور گلشنِ حدید میں 5، 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جہاں بادل گرج چمک کے ساتھ برسے۔سرجانی ٹائون میں 4.5، کراچی ایئرپورٹ، مسرور بیس، کیماڑی میں 4 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 3.8، جناح ٹرمینل میں 3.4، نارتھ کراچی میں 3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح گلستانِ جوہر اور سعدی ٹان میں 3، 3 ملی لیٹر جبکہ فیصل بیس اور اورنگی میں 2، 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابرآلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیر کی صبح 9 بجے کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد جبکہ شمال مشرق سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ بھی ہوا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں