لندن (پی این آئی) سنہ 2021 میں 10 سب سے بڑی موسمیاتی تباہیوں نے مجموعی طور پر 170 ارب ڈالر کا نقصان کیا جو کہ سنہ 2020 کے مقابلے میں 20 ارب ڈالر زیادہ ہے۔برطانیہ سے تعلق رکھنے والی فلاحی تنظیم کرسچن ایڈ کے مطابق سنہ 2021 میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے طوفانوں اور سیلابوں میں 1075 افراد جان سے گئے جب کہ 13 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے۔
رواں سال آنے والے طوفانوں میں سب سے مہنگا طوفان آئڈا ثابت ہوا جس نے مشرقی امریکہ میں تباہی مچائی اور 65 ارب ڈالر کی املاک کو تباہ کرکے رکھ دیا۔ اگست میں لوزیانا سے ٹکرانے کے بعد اس نے شمال کی طرف بڑھنا شروع کیا اور نیویارک سٹی سمیت دیگر علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کردی۔جرمنی اور بیلجیم میں جولائی میں آنے والے سیلاب کے باعث 43 ارب ڈالر مالیت کی املاک تباہ ہوئیں۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں برف کے طوفان نے پاور گرڈ تباہ کردیا اور اس کے نتیجے میں 23 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ جولائی کے مہینے میں چین کے صوبے ہینان میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 17.6 ارب ڈالر کی املاک تباہ ہوئیں۔اس کے علاوہ کینیڈا میں سیلاب، فرانس میں برف باری اور انڈیا اور بنگلہ دیش میں سائیکلون نے بھی اربوں ڈالرکا نقصان کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں