میرپور میں میڈیکل یونیورسٹی ،ڈویژنل ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کا قیام، لیڈی ورکرز کا گریڈ 9 سے بڑھا کر گریڈ 12کرنے کا اعلان ،صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کااستقبالیے سے خطاب

میرپور (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میرپور میں میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتا ہوں۔انشاء اللہ جلد میرپور میں میڈیکل یونیورسٹی قائم کریں گے۔ میرپور میں میڈیکل کالج میرے دور حکومت میں قائم ہوا۔ میرپور میں ڈویژنل ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کے قیام اور لیڈی ورکرز کے گریڈ کو 9 سے بڑھا کر گریڈ 12کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

میرپور ہسپتال کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کر رہے ہیں۔ ہسپتال کی اپ گریڈیشن ہو چکی ہے مگر اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہسپتال کی فیز 2 میں اپ گریڈیشن کی جائے گی جس میں نئی پانچ منزلہ عمارت کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔اس عمارت میں وارڈز لیبارٹری کے ساتھ ساتھ جدید ترین ٹیکنالوجی پر مشتمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔دنیا کا کوئی معاشرہ صحت اور تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ معاشرتی ترقی کے لیے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ترقی کرنا ضروری ہے۔ اس لیے میری محکمہ صحت اور اس سے وابستہ معاملات میں گہری دلچسپی ہے۔ ہیلتھ ایمپلائیز آرگنائزیشن کے تمام مسائل حل کریں گے۔محکمہ صحت کے ملازمین کی بڑی خدمات ہیں میرپور میں زلزلہ ہو یا کرونا وائرس کی وبا ہر مشکل میں محکمہ صحت کے ملازمین نے قابل قدر خدمات سر انجام دیں ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے انصاف ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کر کے غریب عوام کے لیے علاج و معالجہ کے حوالے سے درپیش مشکلات کا خاتمہ کر دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سب سے پہلے آزاد کشمیر میں ہر خاص و عام کو انصاف ہیلتھ کارڈ فراہم کیے۔ انصاف ہیلتھ کارڈ جیسی سہولت یورپ کے ممالک میں بھی عوام کو میسر نہیں۔وہاں بھی علاج کی سہولیات ان کو دی جاتی ہیں جو ٹیکس اور دیگر ضروری لوازمات پورے کرتے ہیں، مگر آزاد کشمیر میں انصاف ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کسی چیز سے مشروط نہیں۔ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے میرپور میں ہیلتھ ایمپلائیز آرگنائزیشن کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استقبالیہ تقریب سے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، ڈاکٹر فدا احمد راجہ، ڈاکٹر فاروق نور،چوہدری محمد منشا، افراز اختر چوہدری، چوہدری گلزار علی، سلیم الحق ملک، راشد سردار،رفاقت طاہر اعوان، چوہدری ساجد، راجہ شہزاد،نائید رحمان اور دیگر نے خطاب کیا۔ استقبالیہ تقریب آمد پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا ہیلتھ ایمپلائیز آرگنائزیشن کے عہدیداران اور کارکنان کی طرف سے شاندار استقبال کیا گیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close