کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، کرفیو اور لاک ڈائون نافذ کرنے کا امکان

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب میں دوبارہ کرفیو اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کرونا کے یومیہ کیسز کی تعداد میں ایک ہفتے کے دوران تشویش ناک 300 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب میں جمعہ کے روز 332 نئے کرونا کیسز کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مملکت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔بتایا گیا ہے مزید ایک مریض کی موت سے سعودی عرب میں کرونا اموات کی تعداد 8 ہزار 869 ہو گئی۔

بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتہ قبل مملکت میں 80 یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جو اب 300 فیصد اضافے سے 332 ہو گئے۔ سعودی عرب میں اب تک کل 5 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد میں کرونا کی تشخیص ہو چکی۔ مملکت میں کرونا کے یومیہ کیسز میں مسلسل اضافے کے بعد کرفیو اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔اس حوالے سےایک رپورٹ کے مطابق سعودی محکمہ صحت عامہ وقایہ کے ایک عہدیدار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ ہفتوں کو دوران مملکت میں کرونا وائرس کے نئے کیسز بڑھ سکتے ہیں، اس صورت میں دوبارہ کرفیو اور لاک ڈاؤن کا بھی امکان ہوسکتا ہے۔ ڈاکٹر محمد عماد المحمدی کا کہنا ہے کہ کرونا کے کیسز میں اضافے کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے خدشہ ہے کہ آئندہ ہفتوں میں متاثرین کی تعداد مزید بڑھے گی۔اس وقت مملکت میں کورونا وائرس کے خطرناک مریضوں کی تعداد اتنی زیادہ نہیں ہے کہ باعث تشویش ہو، مملکت میں لاک ڈاؤن اور کرفیو اور حفاظتی تدابیر میں نرمی یا سختی کا فیصلہ ہسپتالوں پرہونے والے دباؤ اور انتہائی نگہداشت کے شعبے میں کورونا وائرس کے نازک مریضوں کی تعداد کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

یہاں واضح رہے کہ کئی ممالک میں کرونا کی اومیکرون کی قسم کے پھیلاو اور سعودی عرب میں کرونا کیسز میں اضافے کے باعظ کچھ روز قبل محکمہ صحت کے حکام نے سعودی شہریوں اور رہائشیوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کی تھی۔سعودی حکام نے سعودی شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی کہ سعودی عرب سے باہر غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، خاص کر ایسے ممالک جو اومیکرون کے پھیلاو کے حوالے سے خطرناک قرار دیے گئے، ان ممالک کے سفر سے ہر ممکن طور پر گریز کیا جائے۔ بیرون ممالک سے سعودی عرب آنے والے افراد کو بھی خصوصی تلقین کی گئی ہے کہ وہ مملکت آمد کے بعد کچھ روز کیلئے سماجی میل جول سے گریز کریں۔بیرون ممالک سے آنے والے سعودی شہریوں اور رہائشیوں نے بھلے ویکسی نیشن مکمل کروا رکھی ہو، پھر بھی کم از کم 5 دن کیلئے سماجی میل جول سے مکمل گریز کریں۔ اور اگر ان افراد کو طبیعت میں خرابی کی شکایت ہو تو پھر فوری کرونا پی سی آر ٹیسٹ کروائیں۔ بیرون ممالک سے سعودی عرب آنے والے افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کرونا ایس او پیز پر بھی مکمل طور پر عمل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں