حکومت کا ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے سالانہ مفت علاج کیلئے دینے کا اعلان

لاہور( پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوری سے نیا پاکستان صحت کارڈ کے تاریخ ساز فلاحی منصوبے کاآغاز کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن میں صحت کارڈ پہلے ہی دیا جا چکا ہے۔ اگلے ماہ نیاپاکستان صحت کارڈ کااجراء پہلے مرحلے میں لاہو رڈویژن سے کیاجائے گا اور لاہو رڈویژن کے بعد پنجاب کے دیگر 6ڈویژن میں نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجراء کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 31مارچ تک پنجاب کے ہر خاندان کے

پاس نیا پاکستان صحت کارڈہوگا۔ اس کارڈ کے ذریعے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے سالانہ مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی اور پنجاب کے 3 کروڑ خاندان اور ساڑھے 11 کروڑ عوام اس کارڈ سے مستفید ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ نیا پاکستان صحت کارڈ کااجراء نئے پاکستان کی جانب ایک بڑا قدم ہے اور یہ

اس وعدے کی تکمیل ہے جو ہمارے قائد وزیراعظم عمران خان نے قوم سے کیا۔ صحت کی سہولتو ں کو بہتر بنانے پر ہماری حکومت نے سب سے زیادہ توجہ دی ہے۔ ماضی میں شعبہ صحت کو نظر انداز کیا گیا۔ سابق حکومت میں شعبہ صحت کا بجٹ 169 ارب روپے تھا جبکہ ہماری حکومت نے صحت کے بجٹ کو بڑھا کر 399 ارب روپے کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں شعبہ صحت کی بہتری کے لئے پہلی بار خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی

بار لاہور سمیت پسماندہ اضلاع میں 8مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان صحت کارڈ وہ فلاحی منصوبہ ہے جس کے بارے میں ماضی کی حکومتوں نے سوچا تک نہیں۔ عام آدمی او راس کے خاندان کواس کارڈ کے ذریعے علاج معالجہ کی معیاری سہولتیں ملیں گی اور یہ صرف ایک کارڈ نہیں بلکہ عام آدمی کی مشکلات کے احساس او راس کے حل کا جامع پروگرام ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close