بلدیاتی الیکشن سے ایک روز قبل اے این پی سوگ میں ڈوب گئی

ڈیرہ اسماعیل(پی این آئی)ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی میئر کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کو نامعلوم افراد نے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔عمر خطاب شیرانی عوامی نیشنل پارٹی ڈی آئی خان کے صدر بھی تھے۔ پولیس ،سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے واقعے کی الگ الگ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے میئر کے امیدوار عمر خطاب کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور ملوث عناصر کو گرفتاری

کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے عمر خطاب شیرانی کے قتل کیشدید مذمت کرتے ہوئے مقتول کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ محمود خان نے کہا کہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے، مقتول کے اہل خانہ کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔الیکشن ملتوی ہونے کے حوالے سے ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان میں صرف سٹی میئر کی نشست پر

انتخاب ملتوی ہوگا، جس کا اعلامیہ ریٹرننگ آفیسر جاری کرے گا۔ ڈی آئی خان کے باقی حلقوں پر الیکشن شیڈول کے مطابق ہوگا۔اے این پی نے عمرخطاب شیرانی کے قتل کی تحقیقات کیلئے تین دن کا الٹی میٹم دے دیا۔ اے این پی ترجمان ثمرہارون بلور نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس بربریت پر خاموش نہیں رہے گی، ذمہ داروں کو جواب دینا ہوگا، تین دن کے اندر تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے کہ عمرخطاب شیرانی کو کس نے اور کیوں شہید کیا؟۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں