مہنگائی نے شادی کرنا بھی مشکل کردیا ،دلہا بارات چھوڑ کر حکومت کیخلاف احتجاجی ریلی میں شامل ہو گیا

اسلام آباد (پی این آئی )پنجاب کے شہر بہاولنگر میں دلہا بارات چھوڑ کر پیپلزپارٹی کی احتجاجی ریلی میں شامل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ سے بارات لے کر آنے والا دلہا سلمان بہاولنگر کے کالج روڈ پر بارات لے کر جارہا تھا کہ پیپلزپارٹی کی احتجاجی ریلی دیکھ کر اس میں شامل ہوگیا۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوزکے مطابق دلہے کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے شادی کرنا بھی مشکل کردیا ہے، ریلی میں شامل ہوکر حکومت کو احساس دلانے کی کوشش کی ہے۔دلہا سلمان احتجاج ریکارڈ کروانے کے بعد بارات لے

کر دلہنیا لینے کے لیے روانہ ہوگیا۔واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے گیس کی بندش اور مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا گیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس نہ ہونے کے باعث ان کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں، خصوصاً گھروں میں خواتین کو امور خانہ داری انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس کا پریشر کم ہونے کے باعث کھانے پینے کی اشیا تیار نہیں ہوسکتیں، مجبوراً بازار سے کھانا خرید کر کھانا پڑرہا ہے جس سے اضافی مالی بوجھ بھی پڑرہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں